گاندربل//گاندربل کی بیشتر سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہونے سے لوگوں کو عبور و مرور میں گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گاندربل کی بیشتر رابطہ سڑکیں خستہ ہوچکی ہیں اوران کی مرمت کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا جارہا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق سڑکوں کی خستہ حالی کی وجہ سے اب آئے روزحادثات بھی رونما ہوتے رہتے ہیں کیونکہ سڑکوں پر جگہ جگہ گہرے کھڈ بن چکے ہیں ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سڑکوں پر گاڑیاںکچھوے کی مانند چلتی ہیں جس کے نتیجے میں منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتا ہے جبکہ برفباری اور بارشوں نے ان سڑکوں کی رہی سہی کسر پوری کردی۔بارشوں کے دوران یہ سڑکیں جھیل کا منظر پیش کرتی ہیں۔دودرہامہ فتح پورہ ،تولہ مولہ سہ پورہ ،ناگہ بل شہامہ آلسٹینگ،دودرہامہ سالورہ، سالورہ بوگو رام پور ،گوٹلی باغ نونر سڑکوں سمیت دیگر اہم اور مرکزی اہمیت کی حامل سڑکیں انتہائی خستہ ہوچکی ہیں ۔مسافر ٹرانسپورٹ مالکان کے مطابق ان سڑکوں پر اپنی سروس جاری رکھنے سے انہیں روزانہ کوئی نہ کوئی نقصان ہوتا ہے۔مقامی لوگوں اور ٹرانسپورٹ مالکان نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان رابطہ سڑکوں کی مرمت کیلئے فوری طور اقدامات کئے جائیں۔
پینے کے پانی کی قلت