محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن کے بانہال میں نوجوانوں میں جسمانی فٹنس اور کھیل کود کو فروغ دینے کی کوشش میں فوجی کیمپ بانہال کی طرف سے بنکوٹ سٹیڈیم میں21 نومبر سے 5 دسمبر تک “کیپٹن اتل سومرا کرکٹ چمپئن شپ 2023” کا انعقاد کیا گیا اور منگل کے روز اس ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلا گیا۔ اس ٹورنامنٹ میں ضلع رام بن کے مختلف حصوں سے 32 ٹیموں نے حصہ لیا جن میں بانہال کی 24 پنچایتوں اور دیگر تحصیلوں کی آٹھ ٹیمیں شامل تھیں۔ افتتاحی میچ لائنز کرکٹ کلب گنڈ اور نوگام واریئرز کے درمیان 21 نومبر 2023 کو کھیلا گیا تھا اور ٹورنامنٹ کا افتتاح ایس ڈی ایم بانہال ظہیر عباس، ڈی ڈی سی امتیاز احمد کھانڈے اور مقامی لوگوں نے کیا جنہوں نے میڈیا کی موجودگی میں مقامی ٹیموں کو اپنی کھیل کی صلاحیتوں کو دکھانے کے مواقع فراہم کرنے میں فوج کی مسلسل کوششوں کو سراہا تھا۔ منگل کے روز حال ہی میں تعمیر کئے گئے بنکوٹ بانہال کے سٹیڈیم میں ڈبلیو سی سی چریل اور اے آئی سپورٹس بانہال کے درمیان فائنل میچ کھیلا گیا۔ فائنل میچ میں 80 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اے آئی سپورٹس بانہال نے 14ویں اوور میں حاصل کرکے سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ فوج کی طرف سے فاتح ٹیم کو 30000 روپئے کا نقد انعام اور ٹرافی دی گئی جبکہ رنر اپ کو دس ہزار روپئے کی نقد رقم اور ٹرافی دی گئی۔ اس جے علاؤہ ٹورنامنٹ اور فائنل مقابلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو میڈل ، ٹرافیاں اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔ فائنل میچ کی اختتامی تقریب کے موقع پر ضلع ترقیاتی کونسل کے کونسلر امتیاز احمد کھانڈے، بی ایم او بانہال سید محمد اسماعیل ، زیڈ پی ای او بانہال ، مقامی لوگ اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ فوج مقامی کمیونٹی کی مدد کے لیے پرعزم ہے اور مستقبل میں کھیلوں کے مختلف مقابلے منعقد کرنے کیلئے سول انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی جس سے خطے کے کھیلوں کے منظرنامے کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔