کپوارہ // کیرن میں گزشتہ4سال کے دوران بیشترتعمیراتی پروجیکٹو ں پر کام ٹھپ ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگو ں میں انتظامیہ کے خلاف سخت ناراضگی پائی جارہی ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ 4سال قبل اس وقت کے ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ نے کیرن میں ایک عوامی دربار منعقد کیا جس کے دوران انہو ں نے لوگو ں کے مطالبہ پر کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا تاہم 4سال گزرنے کے با جود بھی یہ ترقیاتی پرو جیکٹ مکمل نہیں ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں مقامی لوگو ں کو طرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ان ترقیاتی کامو ں پر شد ومد سے کام شروع کیا گیا جن میں کیرن سڑک اور کئی اہم پل شامل ہیں۔مقامی لوگو ں کے مطابق ان ترقیاتی پروجیکٹو ں پر کام شروع ہونے کے بعد محض چند ماہ کام کیا گیا جس کے بعد ان پروجیکٹو ں کو ادھورا چھو ڑ دیا گیا ۔مقامی لوگوں کے مطابق 4سال قبل اسپتال عمارت پر کام شروع کیا گیا لیکن چار دیواری کھڑا کرنے کے بعد اس عمارت کو چھو ڑ دیا گیا ۔ لوگو ں کا کہنا ہے کہ جس عمارت میں اسپتال قائم ہے وہ اسپتال کے لئے مو زوں نہیں ہے جبکہ ضلع انتظامیہ نے کیرن میں ترقیاتی پروجیکٹو ں کو مکمل کرنے کے لئے اہداف بھی مقرر کئے لیکن اس کے با وجود بھی یہ پرو جیکٹ تشنہ تکمیل ہیں ۔مقامی لوگو ں نے انتظامیہ کی جانب سے سرد مہری پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ تعمیراتی پروجیکٹ فنڈس کی عدم دستیابی کی وجہ سے رکے پڑے ہیں تو ان کے لئے منظور کی گئی مختص رقومات کو واگزار کیا جائے تاکہ رکے پڑے کام از سر نو شروع کئے جائیں ۔