جموں//حکومت ریاست میں کھیل سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے کیلئے بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر ترقی دے رہی ہے ۔ اس سلسلے میں پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کمار چودھری کی صدارت میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران منصوبے پر تفصیل سے تبادلہ خیال ہوا ۔ کمشنر سیکرٹری اعلیٰ تعلیم سریتہ چوہان ، سیکرٹری تعلیم اجیت کے ساہو ، سیکرٹری کھیل کود و امور صارفین سرمد حفیظ ، ڈائریکٹر جنرل یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ڈاکٹر سلیم الرحمان ، ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو ، ناظم تعلیم جموں راکیش کے سرنگال ، ڈائریکٹر کالجز اور مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں کے نمائیندے بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ اس موقعہ پر نوین کے چودھری نے کہا کہ تدریسی عمل کے ساتھ ساتھ کھیل سرگرمیاں بھی نوجوانوں کیلئے کلیدی اہمیت کی حامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوان کھلاڑیوں کیلئے مناسب سہولیات قایم کر رہی ہے تا کہ وہ مختلف کھیل مقابلوں میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر ریاست کا نام روشن کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں سمیت ریاست بھر میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے خصوصی طور پر کھیلوں کا بنیادی ڈھانچہ قایم کرنے کی طرف خصوصی توجہ دی جانی چاہئیے ۔ پرنسپل سیکرٹری خزانہ نے سیکرٹر ی کھیل کود و امور نوجوان سے کہا کہ وہ ایک بین محکمہ جاتی پینل تشکیل دیں جو ریاست میں ایسے مقامات کی نشاندہی کرے گا یہاں پر بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے تین ہفتوں کے اندر اندر جامع منصوبے تیار کرنے کی ہدایت دی تا کہ اسے فنڈنگ کیلئے سرکار کو بھیجا جا سکے ۔ نوین چودھری نے کھیل سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے کیلئے تعلیمی اداروں کو بھی شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ روائتی کھیلوں بشمول ہاکی ، فُٹ بال ، بالی بال ، باسکٹ بال ، کرکٹ ، بیٹ منٹن ، ٹینس ، کبڈی اور دیگر کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے جانے چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو تربیت دینے کیلئے کوچز اور اچھے فزیکل اساتذہ کی خدمات حاصل کی جانی چاہئیں ۔