عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی کی پنچایت کھبلاں وارڈ نمبر 2 میں اْس وقت سخت خوف و ہراس پھیل گیا جب جنگلی خنزیروں کے ایک جھنڈ نے اچانک گنجان آبادی میں داخل ہو کر لوگوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا۔ مقامی اطلاعات کے مطابق جنگلی سور معروف خان ولد محمد حفیظ کے گھر میں گھس آئے، جس پر گھر میں موجود افراد نے اپنی جان بچاتے ہوئے فوراً باہر نکل کر پناہ لی۔ شور و غل سنتے ہی مقامی لوگ بڑی تعداد میں موقع پر جمع ہوگئے اور پورا علاقہ شدید دہشت کی لپیٹ میں آگیا۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ منڈی پولیس اور محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ وائلڈ لائف ٹیم کی قیادت رینج آفیسر افتخار مغل کر رہے تھے، جبکہ فاریسٹ آفیسر نثار حسین اور فرید احمد بھی موجود تھے۔ متعلقہ اہلکاروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مناسب حکمتِ عملی کے تحت جنگلی سوروں کو انسانی آبادی سے نکال کر محفوظ راستے کے ذریعے واپس جنگل کی طرف دھکیل دیا، جس کے بعد صورتحال قابو میں آگئی اور علاقے میں معمولاتِ زندگی بحال ہونا شروع ہوئیں۔ واقعے نے مقامی آبادی میں گہری تشویش پیدا کر دی ہے۔ مکینوںکا کہنا ہے کہ جنگلی جانوروں کی بستیوں میں آمد کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں، جو مستقبل میں کسی بڑے سانحے کا باعث بن سکتے ہیں۔ لوگوں نے انتظامیہ اور محکمہ وائلڈ لائف سے مطالبہ کیا ہے کہ رہائشی بستیوں کے گرد حفاظتی باڑ نصب کی جائے، اسٹریٹ لائٹس میں اضافہ کیا جائے اور گشت کو موثر بنایا جائے تاکہ انسانی جانوں اور مال مویشیوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ علاقہ مکینوں نے یہ بھی زور دیا کہ جنگلی جانوروں کی آبادی میں اضافے اور ان کے پہاڑی علاقوں سے نکل کر بستیوں میں داخل ہونے کی وجوہات کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے، اور ایسے دیرپا اقدامات کئے جائیں جن سے لوگ بلا خوف اپنی روزمرہ زندگی جاری رکھ سکیں۔