تھنہ منڈی//ماڈل بوائزہائر اسکنڈری اسکول تھنہ منڈی میں کھادی ولیج اینڈ انڈسٹری بورڈ کی طرف سے ایک جانکاری کیمپ منعقد کیاگیا جس میںبورڈ کے ریاستی ممبر شہزاد احمد خان بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے ۔اس کیمپ کی صدارت اسکول کے پرنسپل محمد صدیق گنائی نے کی جبکہ اس موقعہ پر لیڈ ڈسٹرکٹ منیجر پرویز احمد میر، پروجیکٹ آفیسر محکمہ شہری ترقی مس کویتا کماری، بورڈ کے ضلع آفیسر سمیر احمد میر، نائب تحصیلدار تھنہ منڈی فاروق احمد راتھر، ہیڈ ماسٹر مڈل اسکول تھنہ منڈی قا ضی ظفر جاوید، راحیل ملک، ارشد نواز خان، لیکچرار محمد رفیق ڈار کے علاوہ اسکولی عملہ اور طلباء و دیگر لوگ بھی موجود تھے ۔اپنے خطاب میں شہزاد احمد خان نے بیروزگار نوجوانوں پر زور دیاکہ وہ بورڈ کی طرف سے چلائی جارہی سکیموں سے فائدہ اٹھاکر صنعتی یونٹ قائم کریں جس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پید اہوںگے بلکہ مقامی سطح پر معیشت بھی مستحکم ہوگی ۔انہوںنے کہاکہ آج کے بچے کل کے معمار ہیں اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو صرف سرکاری ملازمت پرہی نظر نہیں رکھنی چاہئے بلکہ انہیں بورڈ کی طرف سے شروع کی گئی سکیموں سے بھی استفادہ کرناچاہئے جس کیلئے بورڈ انہیں پورا تعاون دے گا۔اس موقعہ پر کھادی بورڈ کے آفیسران نے بتایاکہ ریاستی سرکار نے بے روزگاری کا خاتمہ کرنے کے لئے متعدداسکیمیں متعارف کروائی ہیں جن سے پڑھے لکھے بے روزگار نوجوان فائدہ اٹھاکر اپنا روزگار کما سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیر تعلیم طلبا اپنی پڑھائی کے ساتھ ساتھ اپنے گھروں میں چھوٹے چھوٹے یونٹ لگا کر روزگار سے جڑ سکتے ہیںجس سے ان کی پڑھائی بھی متاثر نہیںہوگی اور ساتھ ہی ذریعہ آمدن بھی رہے گا۔انہوںنے کہاکہ طلباء کو پڑھائی کیلئے قرضہ بھی فراہم کیاجاتاہے ۔ان کاکہناتھاکہ ہر ایک تعلیم یافتہ نوجوان کی ترجیح سرکاری ملازمت پر ہوتی ہے جبکہ وہ کھادی بورڈ اور دیگر ایجنسیوں کے تعاون سے سرکاری ملازمت سے کئی گنا زیادہ کمائی کرسکتے ہیں اور بہتر سے بہتر روزگار حاصل کرسکتے ہیں۔انہوںنے بتایاکہ عام زمرے میں 25 فیصد جبکہ عورتوں،جسمانی طور ناخیز افراد، پسماندہ طبقہ جات اوراپاہج و ایکس سروس مین کے لئے 35فیصد سبسڈی رکھی گئی ہے ۔آخر پراسکول ٹیچر محمد ایاز رینہ نے بورڈ ممبران کا شکریہ ادا کیا۔