عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//شمالی کشمیر رینج (NKR) کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس، مقصود الزمان نے کل ضلع کپواڑہ کا دورہ کیا تاکہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے اور انسدادِ دہشت گردی کے محاذ پر فورسز کی تیاریوں کا مشاہدہ کیا جا سکے۔دورے کے دوران، ڈی آئی جی نے مختلف آپریشنل یونٹس کا معائنہ کیا اور ایس ایس پی کپواڑہ غلام جیلانی، دیگر افسران اور جوانوں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ایس او جی کیمپ لولاب میں ایک خصوصی دربار کا انعقاد کیا گیا، جہاں فورسز کی شکایات اور مسائل سنے گئے۔ متعدد فلاحی اور آپریشنل امور کو موقع پر ہی حل کیا گیا، جب کہ باقی معاملات کی فوری شکایت رفعی کے لیے احکامات جاری کیے گئے۔ ایس پی آپریشنز کپوارہ، سید جاوید نے حالیہ خطرات، آپریشنل حکمتِ عملیوں اور علاقے پر گرفت کے منصوبوں پر مشتمل ایک تفصیلی پاورپوائنٹ پریزنٹیشن پیش کی۔ اس سیشن میں مختلف پہلوؤں پر باریک بینی سے گفتگو ہوئی، اور خاص زور اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری، انٹیلیجنس شیئرنگ اور سیکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان باہمی ہم آہنگی پر دیا گیا۔بعد ازاں، ڈی آئی جی نے ٹی او بی دردپورہ لولاب کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے حساس علاقوں میں فورسز کی تعیناتی کا جائزہ لیا اور اہلکاروں سے براہ راست بات چیت کی۔ مقصود الزمان نے عوام دوست پولیسنگ کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ امن مخالف عناصر کے خلاف سخت کارروائی کے ساتھ ساتھ عوامی اعتماد سازی اور کمیونٹی انگیجمنٹ کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔