کپوارہ// ضلع کپوارہ میں گزشتہ دوسال کے دوران مسافر گاڑیو ں کے کرایہ میں بے پناہ اضافہ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے لوگوںکو اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑتا ہے ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ حال میں سرکار نے ڈیزل اور پٹرول کی قیمتو ں میں کمی کی لیکن کپوارہ ضلع میں تیل کی قیمتو ں میں کمی کے باجود بھی ڈرائیوروں نے کرایہ میں کوئی کمی نہیں لائی اور عام لوگو ں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔اس دوران کرالہ پورہ اور چوکی بل کے لوگو ں نے سرینگر تک ایس آر ٹی سی بس سروس فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ لوگو ں کو سرینگر تک پہنچنے میں آ سانی ہو۔علاقے کے طالب علموں نے بھی انتظامیہ سے اپیل کی کہ ضلع کے دور دراز علاقوں تک سٹیٹ رو ڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی گاڑیاں چلائی جائیں تاکہ انہیں سفر کر نے کے دوران آسانی ہو ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے حال میں لوگو ں کی آ سانی کیلئے کپوارہ ضلع کے ورنو ،ترہگام اور قادر آبادی ہری سے سرینگر تک بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا جس پر لوگو ں نے اطمینان کا اظہار کیا ۔اس دوران کرالہ پورہ اور چوکی بل کے لوگو ں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ چوکی بل اور کرالہ پورہ سے سرینگر تک بھی سٹیٹ رو ڈ ٹرانسپورٹ کی بس سروس شروع کی جائے تاکہ یہا ں کے لوگو ں کو بھی آسانی ہوگی ۔کپوارہ میں ایس آر ٹی سی کے انچارج ڈیپو منیجر محمد اکبر شاہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ مرکزی سرکارکی یہ پالیسی ہے کہ دور دراز علاقوں میں بس سروس فراہم کی جائے تاکہ ان علاقوں کے لوگو ں کو سفر کے حوالے سے آسانی ہوگی اور اسی کڑی کے تحت حال ہی میں ورنو سے سرینگر ،ترہگام سرینگر اور قادر آباد ہری سرینگر بس سروس کو چالو کیا گیا اور ضلع کے مزید دور دراز علاقوں جن میں کرالہ پورہ ،چوکی بل ،سوگام اور کلاروس علاقوں تک بھی یہ سروس چالو کی جائے گی ۔انہو ں نے کہا کہ محکمہ لوگو ں کی آ سانی کے لئے دور دراز علاقوں میں اپنی بس سروس شروع کرنے میں سنجیدہ ہے ۔