کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ میں بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف پیپلز کانفرنس کے سینکڑوں کارکنو ں نے کپوارہ میں زور داراحتجاج کیا ۔ احتجاج میں سابق ایم ایل اے کپوارہ بشیر احمد ڈار اور سابق راجیہ سبھا ممبر محمد فیا ض میر نے بھی شرکت کی ۔انہو ں نے انتظامیہ کو خبر دار کیا کہ اگر کپوارہ ضلع میں لوگو ں کو بہتر بجلی سپلائی فراہم نہیں کی گئی تو وہ احتجاجی مہم چھیڑدیں گے ۔منگل کی دوپہر کو ضلع کے اطراف و اکناف سے پیپلز کانفرنس کے اراکین کپوارہ پہنچ گئے اور سابق ایم ایل اے کپوارہ بشیر احمدڈار اور سابق راجیہ سبھا ممبر محمد فیا ض میر کی نگرانی میں محکمہ بجلی کے خلاف زور دار احتجاج کیا ۔انہو ں نے الزام لگایا کہ اس دور دراز ضلع کے ساتھ حکومت سوتیلی ماں کا سلوک کر رہی ہے جبکہ ضلع میں گزشتہ دو ہفتو ں کے دوران بجلی کی قلت پیدا ہو گئی ہے جس کی وجہ سے لوگو ں کو سردیو ں کے ان ایام میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔اس موقع پرپیپلزکانفرنس کے لیڈر بشیر احمد ڈارنے کہا کہ اس پسماندہ ضلع میں لوگو ں کو معقول بجلی سپلائی فراہم نہیں کی جاتی ہے جس کی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ سرکار کا کہیں سے نام و نشان ہی نہیں ہے کیونکہ کپوارہ ضلع میں تعمیر و ترقی رک گئی ہے ۔انہو ں نے کہا ’’جب ہم کپوارہ کے ایم ایل تھے تو ضلع میں لوگو ں کو معقول بجلی سپلائی فراہم کی جاتی تھی‘‘ ۔انہو ں نے کہا کہ بجلی ،پانی اور دیگر بنیادی سہولیات لوگوں کا حق ہے اور اس کے لئے ہم کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار ہیں ۔انہو ں نے گور نر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ کپوارہ ضلع میں فوری طور لوگو ں کو بہتر بجلی سپلائی فراہم کریں بصورت دیگر ضلع کے لوگ سڑکو ں پر آنے کے لئے مجبور ہیں ۔