کٹھوعہ میں دلدوزسڑک حادثہ ماں بیٹے سمیت 3اہل خانہ لقمہ ٔاجل

نیوز ڈیسک

جموں//کٹھوعہ ضلع میں بدھ کی رات ایک سڑک حادثے میں ماں بیٹے سمیت ایک ہی خاندان کے تین افراد کی موت ہو گئی اور دو دیگر شدید زخمی ہو گئے۔پولیس نے بتایا کہ ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کار میں جا رہے تھے کہ ڈرائیور کا کنٹرول ختم ہو گیا اورگاڑی سڑک سے پھسل کر بنی کے قریب منگیر میں 300 فٹ گہرے سیوا نالے میں جا گری جس سے دو افراد موقع پر ہی ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے۔پولیس کے مطابق ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک شدید زخمی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔مرنے والوں کی شناخت مونیکا گپتا (40) اہلیہ سنجے گپتا، شیکھر گپتا (45) ولد رام لال اور سدھارتھ گپتا (11) ولد سنجے گپتا کے طور پر کی گئی ہے۔دو زخمیوں کی شناخت پربھات گپتا (18) ولد پون گپتا اور روبی گپتا (40) اہلیہ راجیش گپتا کے طور پر کی گئی ہے، تمام باشندے آر ایس پورہ، جموں کے رہائشی ہیں۔