عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی // کٹرہ جموں شاہراہ پرپیش آنے والے ایک سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب موڑی چیک پوسٹ کے قریب ایک سلیپر بس اور ایک بولیرو گاڑی کے درمیان زوردار ٹکر ہو گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ کٹرا سے جموں آنے والی سڑک پر اس وقت پیش آیا جب سلیپر بس زیر نمبر BP28P 3779 اور بولیرو زیر نمبر JK21A 1422 آپس میں ٹکرا گئیں۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بولیرو میں سوار ایک ہی خاندان کے پانچ افراد زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو فوری طور پر نزدیکی صحت مرکز، سی ایچ سی کٹرا منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعد ازاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں مزید علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) جموں ریفر کر دیا۔پولیس نے زخمیوں کی شناخت جیوتی جموال (40) زوجہ وشودیب سنگھ، ارچنا چرک (25) دختر پریم ساگر سنگھ، پریم ساگر سنگھ (76) ولد جگدیو چرک، وشودیب سنگھ (45) ولد پریم سنگھ اور ہریویکا چرک (14) دختر وشودیب سنگھ کے طور پر کی ہے۔ تمام زخمی جموں کے رہائشی بتائے جا رہے ہیں۔حکام کے مطابق حادثے کے بعد مقامی لوگوں اور پولیس نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن انجام دیا اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔ پولیس نے اس سلسلے میں معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے۔ابتدائی جانچ میں تیز رفتاری اور لاپرواہی کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم پولیس نے کہا ہے کہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی حتمی نتیجہ سامنے آئے گا۔