کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سے خواص جارہی 30کلو میٹر سڑک گزشتہ 5دہائیوں سے مکمل نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے عام لوگوں کےساتھ ساتھ ٹرانسپورٹروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ 2تحصیلوں کو آپس میں جوڑنے والی سڑک سے لگ بھگ 23گاﺅں کی عوام کو فائدہ پہنچ سکتا تھا لیکن انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کی نااہلی کی وجہ سے گزشتہ پانچ دہائیوں سے لوگوں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔علاقہ کے معززین نے کہاکہ 1971میں سڑک کی تعمیر کا عمل شروع کیا گیا تھا لیکن ابھی تک سڑک کے پروجیکٹ کو مکمل نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اب انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ سڑک کی تعمیر مکمل کرنے کےلئے لنگوئشنگ پروجیکٹ میں ڈالا گیا جس کے بعد ایک ماہ تک کام مسلسل جاری رہنے کے بعد تعمیر بغیر کسی وجہ کے بند کردی گئی ہے ۔پنچایتی اراکین نے کہاکہ موسم صاف رہنے پر دھول کی وجہ سے عام لوگوں کےساتھ ساتھ ان کی فصلیں بھی متاثرہورہی ہیں جبکہ بارشوں میں جہاں آمد ورفت متاثر رہتی ہے وہائیں ملحقہ علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کی زراعی اراضی بھی تباہ ہوتی جارہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پ روجیکٹ کو جلدازجلد مکمل کرکے عوام کو سہولیات فراہم کی جائیں ۔