نئی دلی //وزیر اعظم ہند نریندر مودی کا کہنا ہے کہ کووڈ ۔19سے نمٹنے کیلئے مربوط طریقہ کار کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری دہشت گردی اور فرضی خبروں کے خلاف بھی لرائی لڑے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد’نا وابستہ تحریک کی کانفرنس ‘میں کووڈ۔ 19کے خلاف لڑائی کیلئے مربوط طریقہ کار اپنانے پر زور دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کووڈ۔19کے بعد دنیا کو انصاف، برابری اور انسانیت پر مبنی عالم گیریت کے ایک نئے نظام کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ کووڈ۔ 19 وباکے پیش نظر انسانیت کو ایک بڑے بحران کا سامنا ہے اور غیر وابستہ تحریک اِس سے نمٹنیمیں کافی تعاون کرسکتی ہے۔وزیر اعظم ہند نے کہاکہ نا وابستہ تحریک عالمی یکجہتی کو فروغ دینے میں مدد کرسکتی ہے اور اِسے برقرار رہنا چاہیے۔کانفرنس میں وزیر اعظم نے عالمی برادری پر دہشت گردی اورفرضی خبروں کے معاملے سے نمٹنے کیلئے بھی زور دیا۔انہوں نے کہاکہ ایسے میں جبکہ دنیا کووڈ۔اْنیس کے بحرانسے لڑ رہی ہے، کچھ لوگ سماج اور ملک کو بانٹنے کی غرض سے دہشت گردی، فرضی خبروں اورجعلی ویڈیوز کو پھیلانے میں مصروف ہیں۔ نریندرمودی نے کہاکہ بھارت کو خاص طور پر سستی دواوں کی وجہ سے دنیا کیلئے ایک فارمیسی سمجھا جاتا ہے جبکہ اپنی ضرورت کے باوجود بھارت نے ناوابستہ تحریک کے59 ارکان سمیت 123 ساجھیدار ملکوں کیلئے دواوں کی سپلائی کو یقینی بنایا ہے۔