سرینگر //جموں و کشمیر کا کولگام اور شوپیان ضلع کورونا وائرس سے پاک ہوگیا ہے کیونکہ دونوں اضلاع میں وائرس کا کوئی بھی معاملہ سرگرم نہیں ہے ۔ کولگام اور شوپیان میں پچھلے 12دنوں سے کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 41ہزار 702ٹیسٹ کئے گئے جن میں 10مسافروں سمیت مزید 82افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اس دوران مسلسل 11ویں دن بھی جموں و کشمیر میں کوئی بھی شخص وائرس سے فوت نہیں ہوا ہے اور متوفین کی مجموعی تعداد 4426بنی ہوئی ہے۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 82افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں جموں میں 15جبکہ کشمیر میں 67متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے 67متاثرین میں 7بیرون ریاستوں سے سفر کرکے وادی پہنچے جبکہ 60افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے 67افراد میں سرینگر میں سب سے زیادہ 37،بارہمولہ میں 12،بڈگام میں 7، کپوارہ میں 5،اننت ناگ میں 5،بانڈی پورہ میں 5، گاندربل میں 1،پلوامہ میں کوئی نہیں ہے جبکہ کولگام اور شوپیان کورونا وائرس سے پاک ہوگئے ہیں کیونکہ یہاں 4اکتوبر سے کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ کولگام اور شوپیان میںکوئی بھی معاملہ سرگرم نہیں ہے۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 6ہزار802ہوگئی ہے۔ اس دوران 11ویں دن بھی کشمیر میں کسی کی موت نہیں ہوئی ہے اور یہاں متوفین کی مجموعی تعداد 2252بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے کے راجوری،کٹھوعہ،سانبہ،کشتواڑ اور رام بن میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ جموں صوبے کے دیگر 5اضلاع میں 15افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جن میں سے 3بیرون ریاستوں سے سفر کرکے لوٹے جبکہ دیگر 12افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔جموں صوبے کے 15متاثرین میں جموں میں 6،ادھمپور میں 1،ڈوڈہ میں 2، پونچھ میں 5 اور ریاسی میں ایک شخص کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد1لاکھ 24ہزار 165ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں بھی پچھلے 11دنوں کے دوران کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد2174بنی ہوئی ہے۔