جموں// جموں و کشمیر سرکار نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے رہیں کیونکہ یہ وائرس مزید 6سے 7ماہ تک رہ سکتا ہے۔ چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم نے کہا ہے کہ لوگوں کو ماسک پہننے کے علاوہ سماجی دوری کا خیال رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا ’’ جموں و کشمیر محفوظ رہ سکتا ہے جب لوگ قوائد و ضوابط کے علاوہ وقت وقت پر جاری کی جانے والی ایڈوائزر یز پر عمل کرتے رہیں گے‘‘۔ چیف سیکریٹری ادھمپور ریلوے سٹیشن پر 50ہزار سے زائد درماندہ مہاجر مزدروں کی واپسی کے انتظامات کا جائز لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور ہماچل پردیش سے 40ہزار سے زائد مزدوروں کوسرکاری بسوں میں واپس لایا گیا ہے، اب اس عمل میں تیزی لانے کیلئے ٹرین سروس استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے ہر ضلع میں حالات قابو میں ہیں بلکہ جموں میں یہ سب سے زیادہ قابو میں ہیں جہاں صرف چند مثبت کیسز سامنے آئے ہیں۔