لندن//کورونا کیسز میں ایک بار پھر اضافے کو طبی ماہرین نے کورونا کی دوسری لہر قرار دیا ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتی سردی کورونا وائرس پھیلانے کے خطرات دگنے کردیتی ہے۔چنانچہ امریکی نشریاتی ادارے سے تعلق رکھنے والے صحت کے تجزیہ کار ڈاکٹر لینا وین کے مطابق سرد موسم میں کورونا کیسز میں اضافے کی تین وجوہات ہیں۔ کیسز میں اضافے کے اسباب پہلا سبب: کورونا وائرس کووڈ 19 کی وجہ بنتا ہے اور یہ سرد موسم میں زیادہ پھیلتا ہے۔ دوسرا سبب: سرد موسم میں کم مرطوب ہوا کے باعث وائرس کو لے جانے والے ذرات ہوا میں دیر تک رہتے ہیں جب کہ ہماری ناک کی جھلیوں کے خشک رہنے کے سبب بھی انفیکشن کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ تیسرا سببب: سردی میں اضافے کے ساتھ لوگوں کا گھر پر وقت گزارنے کا دورانیہ بڑھ جاتا ہے جہاں وینٹی لیشن کی کمی کے باعث وائرس کے پھیلنے کی صلاحیت تیزی سے موجود ہوتی ہے۔سرد موسم میں کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے ہمیں زیادہ چاق وچوبند ہونے کی ضرورت ہے اس حوالے سے کیا کیا جاسکتا ہے آئیے جانتے ہیں۔ گھر کی صفائی اور تحفظ یوایس سینٹر فور ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے مطابق باہر سے آنے کے علاوہ ڈیلیوریز وصول کرنے، میل یا شاپنگ چیک کرنے کے بعد بھی باقاعدگی سے ہاتھوں کو دھونے کی ضرورت ہے۔اس بات کا دھیان رکھیں کہ ہاتھ دھونے کے لیے استعمال کیے جانے والے صابن یا ہینڈ سینیٹائزر میں کم ازکم 60 فیصد الکوحل ہونا ضروری ہے۔