نئی دہلی//ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ -19) کے 796 نئے کیسز درج کئے جانے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد بڑھ کر 9352 ، اور اس دوران اس وبا سے 51مزید لوگوں کی موت ہونے سے ہلاک شدگان کی تعداد 324 تک پہنچ گئی ہے ۔ ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا وائرس کے اب تک کل 9352 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 71 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں۔ ابھی تک کورونا وائرس سے متاثر 716 افراد شفا یاب ہو چکے ہیں۔ وزارت صحت کی جانب سے پیر کوجاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس ملک کی 31 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے ۔ کورونا وائرس سے سب سے شدید متاثر مہاراشٹر میں اب تک 1985 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 149 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔ مہاراشٹرمیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 افراد ہلاک ہوئے اور224 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ متاثرین کی تعداد کے معاملے میں دوسرے مقام پر دہلی ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 85 نئے کیسز درج کئے جانے کے بعد کل 1154 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور اس دوران پانچ مزید لوگوں کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد چھ سے بڑھ کر 24 ہو گئی ہے ۔ اس کے بعد تمل ناڈو میں سب سے زیادہ 1043 افراد متاثر ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک اور شخص کی موت کے ساتھ یہاں ہلاک شدگان کی تعداد 11 ہو گئی ہے ۔ راجستھان میں ایک دن میں 104 افراد متاثر ہوئے ہیں اوریہ تعداد بڑھ کر 804 ہو گئی ہے اوراب تک تین افراد نے اپنی جانیں گنوائی ہیں۔۔ وہیں گجرات میں 516 افراد متاثر ہیں اور 25 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گجرات میں 84 افراد متاثر ہوئے ہیں اور تین مزید لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔ مدھیہ پردیش میں بھی متاثرین کی تعداد میں اضافہ دیکھاجارہاہے اوروہاں اتوارکے 532 لوگوں کے مقابلے میں تقریبا 32 مزید متاثرین کے اضافہ کے ساتھ یہ تعداد 564 ہو گئی۔ ریاست میں ہلاکتوں کی تعداد 36 ہو گئی ہے ۔ تلنگانہ میں اب تک 504 افراد متاثر ہوئے ہیں اورنوافراد کی موت ہوئی ہے . کیرالہ میں 3764 لوگ متاثر ہوئے ہیں اوردو لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔ ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں 483 لوگ متاثرہیں اورپانچ افراد کی موت ہوئی ہے ۔ جنوبی ریاست آندھرا پردیش میں 427 اور کرناٹک میں 232 لوگ متاثر ہیں اوران ریاستوں میں بالترتیب سات اورچھ لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔ مرکز کے زیرانتظام جموں وکشمیرمیں متاثرین کی تعداد 245 ہے اور چار افراد کی موت ہوئی ہے ۔ اس کے علاوہ پنجاب میں 11، مغربی بنگال میں سات، ہریانہ میں تین، جھارکھنڈ میں دو اور بہار، اڑیسہ،ہماچل پردیش اورآسام میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے ۔یواین آئی
میکس ہسپتال کا ڈاکٹراورنرس متاثر | 39طبی اہلکاروں کو کوارنٹین کیا گیا
نئی دہلی//دلی کے ساکیت واقع میکس اسپتال کا ایک ڈاکٹر، ایک نرس اور ایک اسسٹنٹ میڈیکل اسٹاف کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔اسپتال کی جانب سے پیر کے روز اس کی تصدیق کی گئی ہے ۔اسپتال نے ایک بیان میں کہا کہ طبی اسٹاف میں انفیکشن باہر سے ا آیا ہے اور یہ اسپتال کے اندر کا معاملہ نہیں ہے ۔اسپتال نے بیان میں کہا کہ کچھ دن پہلے امراض قلب کے دو مریض اسپتال میں داخل ہوئے تھے جنہیں کووڈ۔ 19 سے متاثر پایا گیا ہے ۔ ان کے رابطے میں آئے 39 طبی اہل کاروں کو اسپتال میں ہی علیحدہ ونگ میں کوارنٹین کیا گیا ہے ۔ان سبھی اسٹاف میں ابھی کورونا کی علامات پائی نہیں گئی ہیں۔ ان کے رابطے میں آنے 5 دن یعنی 14 اپریل کو ان کی جانچ کی جائے گی۔اسپتال نے کہا کہ کووڈ وارڈ میں 154 ملازمین کام کررہے ہیں۔ ان میں کسی کو کورونا وائرس کا انفیکشن نہیں ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان سبھی کو احتیاط کے طور پر اسپتال میں ہی رکھا جاتا ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سبھی ملازمین الگ الگ شفٹ میں کام کرتے ہیں اور اسپتال میں ہی رہتے ہیں تاکہ ان کے کنبے کو کورونا کا خطرہ لاحق نہ ہو۔ ان طبی اہلکاروں میں کسی کو کوارنٹائن نہیں کیا گیا ہے ۔یو این آئی