نئی دہلی//ملک میں کورونا وائرس (کووڈ۔19) انفیکشن کے معاملوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور سنیچر سے اتوار تک ریکارڈ 2573 نئے معاملے سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد بڑھ کر 43 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے اور اس دوران اس انفیکشن کی وجہ سے 83 لوگوں کی موت کے ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1389 ہوگئی ہے ۔وزارت صحت کی جانب سے کل شام جاری اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے سنگین طور سے متاثر مہاراشٹر میں حالات میں کوئی سدھار نہیں ہورہا ہے اور یہاں گزشتہ ایک دن میں 678 نئے معاملے درج ہونے کے بعد متاثرین کی تعداد12974 پہنچ گئی ہے ۔اس دوران ریاست میں 27 اور لوگوں کی موت کے بعد اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 548 ہوگئی ہے ۔ ریاست میں 2115 متاثرہ مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔گجرات چوبیس گھنٹوں کے دوران 373 نئے معاملے سامنے آنے کے ساتھ متاثرین کی تعداد کے معاملے کی فہرست میں دوسرے مقام پر برقرار ہے ۔ گجرات میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 5428 ہوگئی ہے اور 28 مزید اموات کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 290 ہوگئی ہے ۔ریاست میں اب تک 1042 صحتیاب ہوئے ہیں۔اس کے بعد ، قومی دارالحکومت دہلی میں بھی صورتحال تشویشناک بنی ہوئی ہے یہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 427 نئے معاملے سامنے آمنے کے بعد مجموعی طور سے 4549 لوگ اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور اسی دوران مرنے والوں کی تعداد 64 برقرار ہے ۔ راجدھانی میں مجموعی طور سے 1362 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔