نئی دہلی// ملک میں کوروناوائرس کا پھیلاؤ بڑھتا جا رہا ہے اور جمعہ کی شام پانچ بجے تک اس کے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 13835 ہو گئی اور 452 لوگوں کی اس انفیکشن کی وجہ موت ہو گئی ہے۔وزارت صحت کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق کوروناوائرس کا قہر ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے۔ ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوروناوائرس انفیکشن کے 1076 نئے کیس سامنے آنے کے ساتھ ہی اب تک کل 13835 انفیکشن کے معاملوں کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 76 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں۔ اب تک 1767 لوگ صحت مند ہو چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوروناسے مزید 32 لوگوں کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 452 ہو گئی ہے۔کوروناسے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر میں اب تک 3205 لوگ اس کی زد میں آئے ہیں اور وہاں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 194 ہو گئی ہے۔ ریاست میں 300 لوگ اس انفیکشن سے صحت مند بھی ہوئے ہیں۔متاثرین کی تعداد کے معاملے میں دوسرے مقام پر ملک کی راجدھانی دہلی ہے جہاں 62 نئے کیس درج کئے جانے کی وجہ سے یہاں اب تک کل 1640 لوگ اس وبا سے متاثر ہیں اور اس دوران چھ دوسرے لوگوں کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 38 ہو گئی ہے اور 51 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ اس کے بعد تمل ناڈو میں 25 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور متاثرین کی تعداد بڑھ کر 1267 ہو گئی ہیں اور ریاست میں اب تک 15 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔مدھیہ پردیش میں بھی متاثرین کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا اور وہاں 188 نئے کیس سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 1308 ہو گئی ہے جبکہ ریاست میں چار اور لوگوں کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 57 ہو گئی ہے۔گجرات میں 150 نئے کیس سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 1021 ہو گئی اور مرنے والوں کی تعداد 38 تک پہنچ گئی ہے۔ راجستھان میں 108 نئے کیس سامنے آئے ہیں اور ان کی تعداد بڑھ کر 1131 ہو گئی اورمزید آٹھ لوگوں کی موت کے بعد اب تک 11 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔تلنگانہ میں اب تک 743 لوگ اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 18 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ کیرالہ میں 395 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور تین لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ اتر پردیش میں متاثرین کی تعداد 846 ہو گئی ہے اور 14 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔جنوبی ہند کی ریاست آندھرا پردیش میں 572 اور کرناٹک میں 353 لوگ اس سے متاثر ہیں اور ان ریاستوں میں بالترتیب 14 اور 13 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔مرکز کے زیر انتظام علاقہ جموں و کشمیر میں متاثرین کی تعداد 314 ہے اور5 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔اس کے علاوہ پنجاب میں 13، مغربی بنگال میں 10، ہریانہ میں تین، جھارکھنڈ میں دو اور بہار، اڈیشہ، ہماچل پردیش اور آسام میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔یو این آئی۔