رام بن // رام بن انتظامیہ نے کویڈ 19پروٹوکول کے نفاذ کےلئے مہم کو جاری رکھتے ہوئے ضلع میں اپنی کارروائی کو تیز کر دیا ہے اور اتوار کو بھی قوائد ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے افراد سے ہزاروں روپے جرمانہ وصول کیا گیا ہے ۔بغیر ماسک اور جسمانی فاصلہ برقرار نہ رکھنے کے خلاف انفورسمنٹ ٹیموں نے اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جس دوران خلاف ورزی کی پاداشت میں 65000 جرمانہ وصول کیا گیا ۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اپریل سے آج تک ضلع انتظامیہ نے 2411900 روپے جرمانہ وصول کیا ہے ۔انفورسمنٹ افسران نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ چہرے پر ماسک پہنیں اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں اس کے علاوہ وہ اپنے قریبی سی وی سی میں کوویڈ ویکسین کی خوراکیں لیں۔ ڈسٹرکٹ امیونائزیشن آفیسر رام بن ڈاکٹر سریش نے بتایا کہ اتوار کے روز ضلع میں 1181 افراد کو پہلی اور دوسری کوویڈ ویکسین کی خوراکیں فراہم کی گئیں۔چیف میڈیکل آفیسر رام بن ڈاکٹر محمد فرید بٹ کی طرف سے جاری کردہ روزانہ بلیٹن کے مطابق محکمہ صحت نے 777 نمونے جمع کئے ہیں جن میں 157 آر ٹی-پی سی آر اور 620 آر اے ٹی نمونے شامل ہیں اس کے علاوہ ضلع میں ٹیکہ لگانے والے مراکز میں 1181 افراد کو کوڈ ویکسین دی گئی ہے۔