سرینگر //جموں و کشمیر میں پچھلے24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 22003 ٹیسٹ کئے گئے جن میں70افراد کی رپورٹیں مثبت آئیںجبکہ جموں میں وائرس سے ایک شخص فوت ہوا ۔ نئے70معاملات میں سے 11جموں جبکہ 59کشمیر سے سامنے آئے ہیں۔ کشمیر کے 59متاثرین میں سے 40مقامی سطح پر متاثر ہوئے جبکہ 19افراد بیرون ریاستوں سے سفر کرنے کے بعد گھر لوٹے ہیں۔15فروری سے لیکر8 مارچ تک 1692افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں ہیں جن میں سے1354کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں ۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے1354افراد میں سے901مقامی سطح پر جبکہ 514بیرون ریاستوں اور ممالک سے لوٹے ہیں۔کشمیر صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد75ہزارکا ہندسہ پار کرکے 75001ہوگئی ہے۔ کشمیر میں 15فروری سے لیکر9 مارچ تک 8افراد فوت ہوئے ہیں اور اسطرح متوفین کی تعداد 1235بنی ہوئی ہے۔ اسپتالوں میں زیر علاج مزید 90 کو رخصت کیا گیا۔جن میں 14جموں سے اور76کشمیر سے ہیں۔
۔2اساتذہ اور ایک ملازم کی رپورٹ مثبت
ابتک تعلیمی اداروں کے 33افراد متاثر
پرویز احمد
سرینگر //سوموار کووادی کے تعلیمی اداروںسے جڑے مزید3افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں، جن میں 2اساتذہ اور ایک ملازم شامل ہے۔ اسطرح 15فروری سے 8مارچ تک تعلیمی اداروں سے منسلک 33افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جن میں 27اساتذہ، غیر تدریسی عملہ کے 5افراد اور ایک طالبہ شامل ہے۔اسلامیہ کالج اور بڈگام کے 4سکول بند کردیئے گئے ہیں۔بڈگام ضلع میں متواتر طور پر اساتذہ کی رپورٹیں مثبت آنے کے بعد ضلع میں محکمہ صحت نے سکولوں میں طلبہ و طالبات کی بے ترتیب(Random) ٹیسٹنگ کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔چیف میڈیکل آفیسر بڈگام ڈاکٹر تجمل حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ سوموار کو مڈل سکول گنڈ ممہ ڈار میں تعینات 2اساتذہ کی رپورٹیںمثبت آئیں‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ ابتک ضلع میں 7745اساتذہ کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں جن میں 13اساتذہ کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں‘‘۔سی ایم او کا کہناتھا کہ سوموار کو مثبت قرار دئے گئے اساتذہ کا رابطہ طلبہ کے ساتھ نہیں ہوا تھا ، اسلئے ہم نے سکول بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ اساتذہ میں مثبت کیسوں کی شرح0.08ہے جو کافی کم ہے اور اسلئے والدین کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ہم نے تمام طلبہ کی بے ترتیب ٹیسٹنگ شروع کرنے کا فیصلہ لیا ہے اور اس حوالے سے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا ’’ڈاکٹروں کی ٹیمیں سکول جاکر طلبہ و طالبات کی ٹیسٹنگ کا عمل شروع کریں گے‘‘۔ادھر سرینگر میں قائم دلی پبلک سکول میں بھی ایک ملازم کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔سوموار کو سرینگر کے دلی پبلک سکول میں ایک ملازم کی رپورٹ مثبت آئی ہے اور اسطرح سرینگر ضلع میں تعلیم و تدریس سے جڑے 16افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں 12اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ کے 4افراد شامل ہیں۔اس سے قبل اتوار کو اسلامیہ کالج حول کے شعبہ کمسٹری میں 3افراد کی رپورٹیں مثبت آنے کے بعد کالج کو 13مارچ تک بند کردیا گیا جبکہ بڈگام میں اتوار کو 3سکول بند کئے گئے جن میں گورنمنٹ میڈیل سکول ہانجی گورو،آئی ای آئی سکول اورمظہرالحق ہائی سکول بڈگام شامل ہیں جبکہ ہائرسیکنڈری سکول کھاگ کو جمعہ کے دن بند کردیا گیا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ کے لولاب میں کاٹھ پورہ ہائی سکول میں ایک استاد کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد سکول کو بند کردیا گیا تھا۔