رام بن //نواحی علاقہ دھرمکنڈ کے کنگا گائوںمیں ضلع پولیس کی جانب سے ایک عوامی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں تمام مکاتیب فکر سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں نے شرکت کی ۔ میٹنگ جس کی صدارت ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر امتیاز احمد کر رہے تھے، کے رو برو لوگوں نے کئی مقامی مسائل ابھارے جس میں بجلی اور پانی کی کمی سر فہرست تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی ڈھانچہ انتہائی کمزور ہے کھمبوں اور ترسیلوں کی شدید قلت ہے جس کی وجہ سے سبھی لوگوں کو بجلی کی سہولت دستیاب نہیں ہو پا رہی ہے ۔ انہوں نے کنگا میں قائم ایف سی آئی سٹور میں کام کرنے والے ورکروں کا شناختی کارڈ جاری کئے جانے کی بھی مانگ کی۔ ان نمائندوں نے بتایا کہ یہ علاقہ امن و قانون کی صورتحال کے حوالہ سے سر فہرست ہے ، یہاں کے لوگ امن پسند ہیں اور آپسی بھائی چارہ قابل تقلید ہے ۔ پولیس افسر نے علاقہ کو سماجی برائیوں سے پاک رکھنے کیلئے عام لوگوں کا تعائون طلب کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو متعلقہ حکام کے نوٹس میں لایا جائے گا۔ ایس ایچ او دھرم کنڈ انسپکٹر اجیت سنگھ بھی اس میٹنگ میں موجود تھے ۔