راجوری //راجوری ضلع کے کنڈی میڈیکل بلاک میں محکمہ صحت ملازمین ویکسی نیشن مہم کو کامیاب بنانے کیلئے دریائوں و دیگر مشکل مقامات کو عبور کرلوگوں کو ویکسین دے رہے ہیں ۔اس سلسلہ میں سوشل میڈیا پر ملازمین کی کئی ایک تصویر وائرل ہو رہی ہیں جہاں پروہ دریا کو پیدل عبور کرکے دیہات میں جارہے ہیں ۔لگ بھگ دو ہفتے قبل متعلقہ محکمہ کی جانب سے کنڈی میڈیکل بلاک میں گھروں میں جا کر ویکسین دینے کی مہم شروع کی گئی ۔بلاک میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد اقبال کی قیادت میں شروع کردہ مہم کے دوران ملازمین ،آشا ورکر اور مقامی ٹیچر بھی محکمہ کو ویکسین کے سلسلہ میں اپنی خدمات پیش کررہے ہیں ۔میڈیکل بلاک کنڈی کا بیشتر علاقہ پسماندہ ہے جبکہ مذکورہ دیہات میں سڑکوں جیسی بنیادی سہولیات بھی دستیاب نہیں ہیں ۔بنیادی سہولیات بالخصوص سڑکیں اور معیاری راستوں کی عدم موجود گی کے باوجود بھی محکمہ کے ملازمین مشکل ترین جگہوں کو عبور کر کے مکینوں کو ویکسین لگا رہے ہیں ۔بلاک میڈیکل آفیسر کنڈی نے بتایا کہ گھروں میں جا کر ویکسین فراہم کرنے کے اصل مقصد دیہات کی عوام کو کووڈ سے بچانا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس عمل کے دوران ملازمین کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے تاہم اس کے باوجود بھی مذکورہ مہم کو جاری رکھا گیا ہے ۔