جموں//پرنسپل سیکرٹری محکمہ بجلی روہت کنسل نے گلائیڈنی جموں میں ڈیٹا ریکوری و کال سینٹر کا معائینہ کیا۔ اُن کے ہمراہ منیجنگ ڈائریکٹر جے پی ڈی سی ایل ، چیف انجینئر جے پی ڈی سی ایل اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران تھے۔منیجنگ ڈائریکٹر جے پی ڈی سی ایل نے اُنہیں ڈیٹا ریکوری کال سینٹر کے کام کاج کے بارے میں تفصیل دیتے ہوئے جانکاری دی کہ بجلی بند ہونے، بلنگ اور صارفین کے لئے اوٹی پی جنریٹ کرنے سے متعلق تمام معاملات و شکایات کال سینٹر میں موصول کی جاتی ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ شکایات سے متعلق کال موصول ہونے کے بعد ڈیوٹی پر تعینات ملازمین کوصارفین کے درپیش مسائل کا بروقت ازالہ یقینی بنانے کے لئے فار وارڈ کی جاتی ہے ۔پرنسپل سیکرٹری نے ان مراکز کے کام کاج اپنے اطمینان کا اِظہار کرتے ہوئے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ہر صارف تک پہنچنے کے لئے اپنے افراد ی قوت اور مشینری کو مزید فعال بنائیں۔اُنہوں نے اَفسروں سے کہا کہ وہ صارفین کی جانب سے اُٹھائے جارہے مسائل کو حل کرنے کے لئے اختراعی نوعیت کے اقدامات اُٹھائیں اور اِن مراکز کے کام کاج کو مزید موثر بنانے کے لئے جدید تکنیک کو بروئے کار لائیں۔اُنہوں نے مزید کہاکہ الیکٹرانک ذرائع سے ہی صد فیصد صارفین میں بجلی بلیں بھیجنے کو یقینی بنائیں۔