نئی دہلی//یو این آئی// وزیراعظم نریندر مودی نے تحریک چلا رہے کسانوں کو بات چیت کی پیشکش دہراتے ہوئے کل کہا کہ حکومت زرعی اصلاحات قوانین کے معاملہ میں اپنی 22جنوری کی تجویز پر اب بھی قائم ہے اور وزیر زراعت کو ایک فون کال کرکے بات چیت کو بڑھایا جاسکتا ہے ۔ مودی نے یہ بات یہاں پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے موقع پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کل جماعتی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کھلے دماغ سے زرعی قوانین کے معاملہ پر غور کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کا موقف ویسا ہی ہے جیسا 22جنوری کو تھا اور وزیر زراعت نریندر سنگھ کی طرف سے پیش کی گئی تجویز اب بھی قائم ہے ۔ انہوں نے دہرایا کہ وزیر زراعت کو صرف ایک فون کال کرکے بات چیت کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مسٹر تومر نے کسانوں سے جو کہا اسے ہم دہرانا چاہتے ہیں۔ ہم نے کہا ہے کہ ہم عام رضامندی تک نہیں پہنچ رہے ہیں لیکن ہم آپ کو تجویز دے رہے ہیں کہ آپ غور و خوض کرسکتے ہیں۔ میں صرف ایک فون کال کی دوری پر ہوں۔ حکومت کی تجویز اب بھی وہی ہے ۔ مہربانی کرکے اسے اپنے پیروکاروں تک پہنچائیں۔ اس کا حل بات چیت کے ذریعہ ہی نکلے گا۔ ہم تمام کو قوم کے بارے میں سوچنا چاہئے ۔میٹنگ میں پارلیمانی امور کے وزیر پرہلا د جوشی، پارلیمانی امور کے وزیرمملکت ارجن رام میگھوال، کانگریس کے لیڈر غلام نبی آزاد، ادھیر رنجن چودھری، ترنمول کانگریس کے سدیپ بندوپادھیائے ، شیوسینا کے رکن پارلیمان ونائک راوت، شرومنی اکالی دل کے بلوندر سنگھ بھندڑ، جنتادل یو نائیٹڈ کے رکن پارلیمان آر پی سی سنگھ وغیرہ شامل تھے ۔ میٹنگ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں کی طرف سے 26جنوری کوکسانوں کی ٹریکٹر ریلی میں تشدد اور توڑ پھوڑ کے افسوسناک واقعات کا ذ کر کرنے پر وزیراعظم نے کہا کہ قانون اپنا کام کرے گا۔وزیراعظم نے کہاکہ حکومت میٹنگ میں لیڈروں کی طرف سے اٹھائے گئے معاملات پر تفصیلی بحث کے لئے تیار ہے ۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں احسن طریقہ سے کام کاج اور ایوان میں وسیع بحث کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ ایوان میں بار بار ہونے والی رکاوٹوں کی وجہ سے چھوٹی سیاسی جماعتوں کو مناسب طریقہ سے خود کو پیش کرنے کا موقع نہیں مل پاتا۔ انہوں نے کہا کہ بڑی سیاسی جماعتوں کو یہ یقینی بنانا چاہئے کہ پارلیمنٹ احسن طریقہ سے چلے اور کوئی رخنہ نہ ہو اور اس طرح چھوٹی جماعتیں اپنے خیالات رکھ سکیں۔مسٹر مودی نے کہاکہ ہندستان دنیا کی بھلائی کے لئے کئی شعبوں میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے ۔