محتشم احتشام
پونچھ// ضلع پونچھ کے علاقہ کلائی میں جموں سے پونچھ کی جانب آرہا ایک ٹرک سڑک حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں ٹرک پر سوار تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ پیش آتے ہی مقامی شہری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس کی مدد سے زخمیوں کو گاڑی سے باہر نکالا۔عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اچانک پیش آیا جس کے باعث ٹرک کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں سوار افراد زخمی ہو کر پھنس گئے۔ مقامی لوگوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو دیگر گاڑیوں کے ذریعے ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کیا، جہاں انہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں شامل مقصود احمد نامی شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا، جبکہ دیگر دو زخمیوں کا علاج و معالجہ جاری ہے اور ان کی حالت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
طبی عملے کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ادھر اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور حادثے کے اسباب جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ ضروری قانونی تقاضے پورے کرنے اور لوازمات کی تکمیل کے بعد جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ کی مکمل چھان بین جاری ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔اس افسوسناک حادثے پر مقامی حلقوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عوام نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں پر حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے حادثات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔