سرینگر میںدرجہ حرارت منفی 4.4 درج، اب تک کا سب سے کم ریکارڈ منفی 4.8
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سرد موسم نے سردی شروع ہونے سے قبل ہی کشمیر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور وادی بھر کے تمام موسمی سٹیشنوں پر کم سے کم درجہ حرارت صفر سے نیچے ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے حکام نے جمعرات کو بتایاکہ سرینگر نے موسم کی اپنی سرد ترین رات کا تجربہ کیا، بدھ کی رات کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو پچھلے دن کے منفی 3.9 ڈگری سیلسیس سے کم تھا۔سرینگر شہر میں گزشتہ چند دنوں سے رات کے درجہ حرارت میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے۔سرینگر شہر میں نومبر2017میں ایک دہائی میں سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی جب رات کا درجہ حرارت ایک نئی کم ترین سطح منفی 3.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔یہ نومبر میں 10 سالوں میں سب سے کم رات کا درجہ حرارت تھا ۔ شہر میں 28 نومبر 2007 کو منفی 4.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا جو اس مہینے میں رات کا اب تک کا سب سے کم درجہ حرارت تھا۔ادھر جمعرات کوجنوبی کشمیر پلوامہ ضلع کے کونہ بل میں وادی میں اب تک کا سب سے سرد درجہ حرارت منفی 5.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ، پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سی، جب کہ گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1 ڈگری سیلسیس پر رہا۔قاضی گنڈ، منفی 4 ، شوپیاں میں منفی 6اور کپواڑہ میں منفی 4.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے کشمیر بھر میں 2 دسمبر تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے اور کہا ہے کہ رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے۔