کشمیری دستکاریوں کی اونچی چھلانگ | صرف9ماہ میںبر آمدی کاروبار729کروڑ روپے سے زیادہ بڑھ گیا

پرویز احمد
سرینگر //رواں مالی سال کے پہلے تین سہ ماہی ( 9ماہ (کے دوران کشمیر کی گھریلو دستکاریوں کا بر آمدگی کاروبار گذشتہ ایک سال کے مقابلے میں تقریبا 100کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ مالی سال کے دوران کشمیر کی گھریلو دستکاریوں کا کاروبار 635کروڑ52لاکھ روپے تھا جو رواں مالی سال میں 728کروڑ 99لاکھ روپے تک پہنچ گیا ہے۔ محکمہ ہنڈی کرافٹس کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2022کے اختتام تک کشمیر کی دستکاریوں کا بر آمدی کاروباری حجم 728ک روڑ99لاکھ روپے تک پہنچ گیا ہے جن میں پہلی سہ ماہی میں 151کروڑ78لاکھ، دوسری میں 224کروڑ 19لاکھ اور تیسری میں353کروڑ 2لاکھ روپے کا کاروبار ہوا ہے۔ پہلی سہ ماہی کے دوران 151لاکھ 78لاکھ روپے کا کاروبار ہوا ، جن میں کشمیری کالین 3کروڑ 6لاکھ، شال 116کروڑ13لاکھ، پیپر ماشی 70لاکھ، چین سٹچ اور کرول3کروڑ 54لاکھ، ووڈ کارونگ20لاکھ اور دیگر گھریلوں دستکاریوں کا کاروبار 28کروڑ 15لاکھ تک پہنچ گیا ۔ دوسری سی ماہی میںبرآمدی کاروبار میں اضافہ ہوا اور تین ماہ کے دوران 224کروڑ 19لاکھ کا کاروبار ہوا جن میں کشمیر قالین 88کروڑ 2لاکھ، شال 70کروڑ 32لاکھ، پیپرماشی 2کروڑ 28لاکھ، چین سٹچ و کرول61کروڑ59لاکھ ، ووڈ کارونگ 1کروڑ 55لاکھ جبکہ دیگر دستکاریوں کی برآمدی کاروبار 3لاکھ روپے رہا ۔ 31دسمبر 2022تک جاری رہنے والی تیسری سہ ماہی میں مجموعی طور پر برآمدی کاروبار میں مزید بہتری آئی اور تیسری سہ ماہی میں 353کروڑ 2لاکھ روپے کا کاروبار ہوا ۔ جن میں کشمیر قالین 121کروڑ 15لاکھ، شال میں 114کروڑ 17لاکھ ، پیپر ماشی میں1کروڑ 76لاکھ، چین سٹچ و کرول میں 113کروڑ23لاکھ روپے کا
کاروبار ہوا ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہینڈ کرافٹس(ایکسپورٹ ونگ) ریاض احمد کاووسہ نے بتایا کہ تین سہ ماہی میں قالین212کروڑ 23لاکھ، شال 300کروڑ 62لاکھ، پیپر ماشی میں 5کروڑ 14لاکھ، چین سٹچ وکرول 178کروڑ 36لاکھ، ووڈ کارونگ 4کروڑ 46لاکھ اور دیگر دستکاریوں میں 28کروڑ 18لاکھ کا کاروبار ہوا ‘‘۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ گذشتہ مالی سال کے دوران عالمی وبا کی وجہ سے کشمیری دستکاریوں کو کافی نقصان پہنچا ،لیکن رواں مالی سال کے دوران صورتحال بہتر ہونے کی وجہ سے کشمیر کی گھریلوں دستکاریوں میں اضافہ ہوا جو آئندسہ ماہی میں بھی جاری رہنے کی اُمید ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے مالی سال 2020-21میں کشمیر ی دستکاریوں کا کاروبار ایک ہزار کروڑ روپے سے کم ہو کر 635کروڑ روپے 52لاکھ روپے تک سکڑ گیا تھا ۔