کشتواڑ// ضلع کے بیروز گار نوجوانوں نے کشتواڑ میں منعقدہ ایک اجلاس میں پکل ڈول آبی بجلی پروجیکٹ میں مقامی لوگوں کو روز گار مہیا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اجلاس چنار ویلی پاور پروجیکٹس یونین کے بینر تلے منعقد ہوا جسکی قیادت یونین کے چیئر مین جوگیندر بھنڈاری نے کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے پروجیکٹ حُکام پر زور دیا کہ وہ بیروز گاروں کے جائز مطالبات کو تسلیم کرے۔ مقررین نے ضلع کے نوجوانوں کو پکل ڈول ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ میں 80 فیصد روزگار مہیا کرنے کا مطالبہ کیا، بصورت دیگ روہ جامع احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔یونین کے چیئر مین جوگیندر بھنڈاری نے متنبہ کیا کہ اگر افکانز انفراسٹریکچر لمیٹڈ نے پروجیکٹ کے لئے ورک فورس ٹرانسفر بنیادوں پر تعینات کرنے کے عمل کو نہیں روکا ،تو وہ سڑکوں پر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ یونین افرادی قوت کو بیرون ریاست سے لانے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی اور مقامی نوجوانوں کو اولین ترجیح دینے کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر کمپنی نے ہمارے مطالبات کو تسلیم نہیں کیا تو انہیں سخت نتائج کا سامنا کرنا ہوگاکیونکہ کشتواڑ میں سینکڑوں تربیت یافتہ نوجوان ہیںجو پروجیکٹ میں استعمال مختلف قسم کی مشینوں کو چلانے کی مہارت رکھتے ہیں۔اجلاس میں رنکو سین، انیل شرما ، غلام حسن گنائی، رنجیت شرما ، جعفر حسین، سجاد ،مدثر ،شنکر سروپ وزیر، اجے شرما ، محمد اشرف گنائی، دیس راج ،روشن لعل ،ارشاد احمد وغیرہ نے شرکت کی۔