کشتواڑ//کشتواڑ بازار میں ناجائز تجاوزات کو ہٹانے کے لئے کشتواڑ میونسپل کارپوریشن ،سول انتظامیہ اور پولیس نے پیر کے روز ڈاک بنگلہ سے مالی پیٹھ اور شہر کے دیگر مقامات پر ناجائز قبضہ ہٹانے کے کام کا آغاز کیا ہے۔ناجائز تجاوزات ہٹانے کی مہم کے دوران سڑکوں پر کھڑی ریہڑیوں کو ہٹایا گیا اور انہیں متنبہ کیا گیا کہ اگر دوبارہ انہوں نے ایسی کاروائی کی تو انکے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایس ایس پی ابرار چودھری نے ٹیم کے دیگر ممبران کے ہمراہ ڈی سی آفس سے کلید، ڈاک بنگلہ اور بس اسٹینڈ میںغیر قانونی طور سے تعمیر کی گئی ریمپوں کو ہٹایا ۔ڈھابہ مالکان و دیگران کی جانب سے کھڑی کی گئی ناجائز تجاوزات کو جے سی بیزکی مدد سے ہٹایا گیا۔ایس ایس پی نے کہا کہ انتظامیہ کی نوٹس میں آیا تھا کہ پولیس اور سول انتظامیہ نے فٹ پاتھوں پر ناجائز قبضہ کرنے والوں کو پہلے ہی قبضہ ہٹانے کے نوٹس جاری کئے تھے لیکن وہ اس پر کوئی عمل نہیں کر رہے تھے،جسکی وجہ سے انتظامیہ کو غیر قانونی قبضہ ہٹانے کی پہل شروع کی تھی۔انہوں نے کہا کہ ایسے دوکانداروں کی ویڈیو گرافی کی جائے گی اور اسکے بعد انکے خلاف سنگین کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر ناجائز قبضہ کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا،جس سے لوگوں کی سلامتی پر خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ایک مقامی شخص ستیش کمار نے کہا کہ ایسے اقدام سے کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ ایک مرتبہ ایسی کاروائی کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔انہوںنے کہا کہ یہ ریڑھی والے پھر دوبارہ اپنا کاروبار شروع کرتے ہیں۔ان لوگوں نے کہا کہ ایسے ناجائز قبضہ ہٹانے کے لئے ایک مہم شروع کرنے کی ضروررت ہے ۔لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جن ٹریڈروں کے سامنے یہ لوگ ریہڑیاں کھڑی کرتے ہیں ۔اُن کے خلاف ہی قانانی کاروائی کی جائے، تاکہ اس بدعت سے خاتمہ ہو جائے، تب ہی مارکیٹ کو ان ریہڑیوں سے دور رکھا جاسکے گا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ میونسپل کمیٹی کشتواڑ نے مارکیٹ میں پیلی لائن کے تحت دو پہیہ کی پارکنگ کے لئے جگہ کھڑی کر دی ہے لیکن کئی دوکاندار اپنے پروڈکٹوں کی نمائش کے لئے سامان فٹ پاتھوں پر لگا رہے ہیں۔