کرہیڈ پنچایت کے لوگ پانی کی قلت سے پریشان | عوام گھوڑوں کی مدد سے پینے کا صاف پانی لانے پر مجبور

بدھل //کوٹرنکہ سب ڈویژن کی پنچایت کرہیڈ کی عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے پینے کے صاف پانی کی قلت سے پریشان ہیں جبکہ اس قلت کو دور کرنے کیلئے اب وہ گھوڑوں کی مدد سے پانی لانے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔مکینوں نے متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ گزشتہ کئی عرصہ سے میلوں دور سے پینے کا صاف پانی لانے پر مجبور ہیں جبکہ پانی کی فراہمی کیلئے انہوں نے کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے بھی رابطہ کیا تاہم ابھی تک ان کی مشکل کی طرف دھیان نہیں دیاجارہا ہے ۔مذکورہ پنچایت کی عوام نے سیاسی جماعتوں سے وابستہ لیڈروں کو تنقید کا نشانہ بناتے الزام عائد کیا کرہیڈ پنچایت کی غریب عوام کو صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے جبکہ کامیابی کے بعد کسی بھی لیڈر نے عوامی مشکلات اور جائز مطالبات کی جانب کوئی دھیان نہیں دیا ہے ۔واضح ہے کہ کرہیڈ پنچایت کی عوام ندی نالوں اور قدرتی چشموں سے میلوں کا سفر کر کے پانی استعمال کرنے کیلئے لاتے ہیں۔لوگوں نے بتایا کہ موسم گرما کے دوران مذکورہ ندی نالوں کے خشک ہونے سے ان کی دقتیں مزید بڑھ جاتی ہیں جس کی وجہ سے صورتحال مزید پیچیدہ بن جاتی ہے ۔محمد مختار چیچی نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ عوام بالخصوص علاقہ کی خواتین کا زیادہ تر وقت پانی لانے میں ہی ضائع ہو جاتا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں پانی سپلائی کیلئے عملی بنیادوں پر کام کیاجائے تاکہ لوگوں کی پریشانی ختم ہو سکے ۔