جموں و کشمیر کے تشخص کی بحالی کیلئے پی ڈی پی کو ووٹ دیں: محبوبہ مفتی

File Photo

عشرت حسین بٹ

پونچھ// جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر اور اننت ناگ راجوری پونچھ سے پارٹی کی امید وار محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ عوام جموں و کشمیر کے تشخص کے لیے ان کی جماعت پی ڈی پی کو ووٹ کریں۔
محبوبہ نے ضلع پونچھ کے بفلیاز اور چندی مڑھ علاقہ میں ایک روڈ شو کے دوران ان باتوں کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر 2019 کے بعد بہت مشکل حالات سے گزر رہا ہے اور یہاں کے لوگ عدم تحفظ میں اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملک گاندھی کا ملک ہے، اسی ملک میں ہندو کو درہم ورودی، سکھ کو خالصتانی اور “ہمیں تو پاکستانی کہا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کے حوالے سے 2019میں لیے فیصلے جموں و کشمیر کی لوگوں کو کسی بھی صورت منظور نہیں ہیں۔
انہوں نے اپنے پیر پنچال کے دور کے ابتداءپر عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اننت ناگ راجوری پونچھ وہ واحد پارلیمانی سیٹ ہے جس پر پوری ملک کی نظر ہے جس میں عوام کو ہند و مسلم گوجر پہاڑی گوجر سکھ کو مل جل کرپی ڈی پی کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔
محبوبہ نے کہا کہ میرے لیے تمام طبقات ایک جیسے ہیں، محبوبہ نے راجوری میں حالیہ دنوں مارے گئے شخص کی موت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حالات معمول پر نہیں ہیں اور پکڑ دھکڑ جاری ہے جن چیزوں کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی جب مرحوم مفتی محمد سعید کی قیادت میں 2002میں اقتدار میں آئی تو انہوں نے خطہ پیر پنچال کو وادی سے ملانے کے لیے مغل شاہراہ کی تعمیر کو یقینی بنایا اور خطہ پیر پنچال میں بابا غلام شاہ بادشاہ یونورسٹی کا قیام عمل میں لایا۔
ان کا کہنا تھا کہ مفتی محمد سعید اور انہوں نے اس خطہ میں عوام کے بہت سے کام انجام دیے جو گزشتہ سات دہائیوں میں نہیں ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ یہاں کے لوگوں سے اپیل کرتی ہیں کہ وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی آواز کو پارلیمنٹ میں پہنچانے کے لیے انہیں ووٹ کریں۔
اس سے قبل پی ڈی پی ورکران نے محبوبہ مفتی کا چندی مڑھ میں والہانہ استقبال کیا۔