کرگل// فوج نے اتوار کے روز سرحدی قصبہ دراس میں کرگل وجے دیوس کی اکیسویں برسی کے موقع پر اْن فوجی جوانوں کو خراج تحیسن پیش کیا جنہوں سال 1999 کے کرگل جنگ کے دوران قربانیاں پیش کیں۔دریں اثنا کورونا کے پیش نظر امسال کرگل وجے دیوس کے موقع پر قومی دارالحکومت دلی میں جنگی یادگاروں پر صرف پھول مالائیں چڑھانے کی تقریبات پر ہی اکتفا کیا گیا۔دفاعی ترجمان کرنل راجیش کالیا نے کہا: 'قوم نے ہر سال 26 جولائی کو منائے جانے والے کرگل وجے دیوس کی اکیسویں برسی کے موقع پر جانبازوں کو یاد کیا، اس موقع کو بھارتی فوج کی کرگل، دراس اور بٹالک سیکٹروں میں پاکستانی فوج کی دراندازی پر شاندار فتح کے بطور یاد کیا جاتا ہے'۔قابل ذکر ہے کہ کرگل وجے دیوس کے موقع پر ملک کے گوشہ وکنار میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا تھا اور اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب لداخ میں منعقد کی جاتی تھی لیکن امسال وہ سب تقریبات کورونا کی نذر ہوئیں۔