اس وقت کسی ملک کی کسی ملک سے جنگ ہے نہ کسی ملک نے کسی ملک پر ایٹمی گولا داغا ہے اور نہ ہی کہیں اسلحہ کا کوئی استعمال ہو رہا ہے مگر کرونا وائرس کے ایک حقیر سے جر ثومے کی وجہ سے دنیا کے 206سے زائد چھوٹے بڑے ممالک اور اقوام متحدہ سے لیکر ہر بڑا ادارہ بے بس ہو کر رہ گیا ہے ۔ امریکہ جو دنیا کی سپر پائور بھی ہے اور اس وقت دنیا کے تمام ممالک کے فیصلے اور دنیا کے تمام ممالک میں فاصلے پیدا کر نے میں امریکہ کا کر دار ہے کہ کوئی ملک دم مارنے کی جرات نہیں کر سکتا مگر آج وہ سپر پاور بھی بے بس ہے ۔ یہ سب کیا ہے ؟ اللہ تعالیٰ کی طرف سے پوری دنیا کے لئے ایک پیغام ہے کہ سب سنبھل جائیں ، ظلم و نا انصافی کو چھوڑ دیں ، کسی کی حق تلفی نہ کریں ، جس جس کا جو حق ہے وہ اس کو دیا جا ئے ۔ اسلام میں بھی اور دیگر مذاہب کی تعلیمات میں بھی سب کچھ واضح ہے ، ہر ایک کا احترام کر نا بھی اصول ٹھہرا ، ہر ذی روح کا مالک رب ہے یہ بھی طے شدہ اصول ہے ۔ کرونا وائرس نہ ملک کی بنیاد پر اور نہ ہی مذہب کی بنیاد پر پھیل رہا ہے بلکہ اس کا نشانہ انسان ہیں ۔ آج بڑے سے بڑے ممالک کے ظالم و ظابر وہ بھی اللہ کی ایک چھوٹی اور معمولی محلوق کرونا وائرس سے بلبلا رہے ہیں اور دنیا کے سامنے اپنی بے بسی کا رونا رو رہے ہیں ۔ اسے اللہ کا عذاب کہیں یا آزمائش ، بہر حال ایسے نا گفتہ بہ اور موت و حیات کے عالم میں حکومت کے ساتھ ہم شہریوں کی ذمہ داریاں بھی مزید بڑھ جا تی ہیں ۔ ہمیں سوچنا چاہیئے کہ یہ تمام اہم فیصلے جو حکومت لے رہی ہے وہ ہمارے ہی حق میں ہے ، ہمارے ہی جان و مال کی حفاظت کی خاطر حکومت نے لاک ڈائون کیا ہے تا کہ عوام اپنے گھروں میں اپنے اہلِ و عیال کے ساتھ رہیں ، بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں کہ خدا نخواستہ آپ بھی اس بیماری کی چپیٹ میں آجا ئیں اور آپ کا جان و مال خطرے میں پڑ جائے ۔ ویسے تو ایک مسلمان کا یہ عقیدہ ہو تا ہے کہ بیماری ، پریشانی ، مصیبت ، آزمائش اور عذاب اللہ کی طرف سے ہو تا ہے ، بسا اوقات وہ بیماریاں نازل کر کے اپنے بندوں کا امتحان بھی لیتا ہے اور صابر و شاکر بندو ں کی خطائوں کو معاف فرما کر اس کے درجات کو بلند کر تا ہے اور وہی عرش والا ہمیں شفائے عاجل و کامل عطا فرماتا ہے ، شرط یہ ہے کہ انسان اپنے پروردگار کے سامنے گریہ و زاری کر ے ، توبہ و استغفار کرے ، اپنے گناہوں پر نادم و شرمندہ ہو کر رات کی تاریکی و تنہائی میں اس کے سامنے روئے اور گڑ گڑائے ، پنچ وقتہ نمازوں کا اہتمام کے ساتھ کثرت سے نوافل اور صدقات و خیرات کا اہتمام کرے ۔ غریبوں ، یتیموں ، بیوائوں ، بیماروں اور پریشان حال لوگ نیز اپنے اعزا واقارب کے ساتھ اپنے پریشان حال بھائیوں و پڑوسیوں کا بھی خیال رکھیں ، اپنے پر ور دگار پر کامل اعتماد و بھروسہ کر تے ہو ئے حکومت و اطبا کی گائیڈ لائن کو اختیا ر کر تے ہو ئے ان تمام احتیاطی تدابیر کو اختیار کرے جو ہمارے حق میں مفید اور بہتر ہے ۔ اسی طرح دنیاوی پریشانیوں و مصیبتوں کے وقت اپنے رب کو یاد کر تے ہو ئے ان تمام ماثور دعائوں کا اہتما م کریں جس سے اللہ اور اس کے رسول ﷺ ہم امت کو سکھلایا اور بتلایا ہے ۔ اس وبائی مرض نیز لاک ڈائون اور کرفیو کے ایام میں اپنے اپنے گھروں سے باہر نکل کر نہ تو خود نقصان حاصل کریں اور نہ کسی دوسرے کو نقصان پہنچائیں ، یہی حالات کا تقاضا اور اسلام کی شفاف تعلیمات ہیں ، ورنہ آپ اچھی طرح سے جان اور سمجھ رہے ہیں کہ ہر ایک کو اپنی اپنی طاقت کا گمان تھا ہر کوئی ایٹمی ہتھیار کو اپنی حفاظت کا سامان سمجھتا تھا آج وہ سب کچھ بھی کام نہیں آ رہا ہے ۔ کیا امریکہ اپنے ایٹمی بم سے کرو نا وائرس کو ختم کر سکتا ہے ، ہر گز نہیں ، کیونکہ کرونا وائرس اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک پیغام ہے اسے ایک وارننگ جان کر تمام ممالک کو ہو ش کے ناخن لینا چاہئے ۔ اس کے علاوہ وہ لوگ جنہوں نے آرام کو اپنے اوپر حرام کر رکھا تھا اور کثرت کی خواہش نے انہیں غفلت میں ڈال رکھا تھا اب وہ بھی گھروں میں مقید ہیں اور ان کا مقصدِ حیات صرف اور صرف کرونا وائرس سے محفوظ رہنا ہے ۔ ایک بات تو طےہے کہ اگر آپ کو اس وائرس سے نجات پا نا ہے تو پوری احتیاط سے کام لیتے ہو ئے عالمی ادارہ صحت کی تمام ہدایات اور مشوروں پر عمل کر نا انتہائی ضروری ہے ، جو حکومت کی توسط سے ہم تک پہنچ رہی ہے ۔ لہذا کرونا وائرس کی روک تھا اور خود محفوظ رہنے اور دوسروں کو محفوظ کر نے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کر نا وقت اور حالات کا تقاضا ہے اور شریعت اسلامیہ اس کا حکم دیتی ہے ، یہ تصور کے احتیاطی تدابیر اختیار کر نے میں اللہ پر توکل کر نے کی خلاف ورزی ہے ،یہ درست نہیں ہے ۔ چنانچہ اس پرُ فتن اور لاک ڈائون نیز بھوک مری میں اللہ ہی ہمارا حامی و مدد گار اور کار ساز ہے ، ہم احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ خلوص ِ دل سے اسی پر توکل و بھروسہ کر تے یں کہ یقینا وہی ہماری دعائوں کو سننے والا اور ہمیں ان بلائوں اور پریشانیوں سے نجات دینے والا ہے ۔
کریک اسٹریٹ، کمرہٹی ، کولکاتا ۔۵۸
Mob: 8820551001