ڈوڈہ//بلاک کونسل چیرپرسن کاہرہ فاطمہ چوہدری ڈی ڈی سی ممبر کی طرف سے مبینہ طور پنچائتی نمائندگان کے خلاف نازبیاو دھمکی آمیز بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ سے سنجیدہ نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ڈاک بنگلہ کاہرہ میں سرپنچوں وپنچوں کی موجودگی میں پریس کانفرنس سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پچھلے کئی دنوں سے ڈی ڈی سی ممبر کاہرہ عوام کو سرپنچوں وپنچوں کے خلاف اکسا رہا ہے اور سوشل میڈیا پر ان کے خلاف ناشائستہ الفاظ کا استعمال کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پنچ وسرپنچ اپنے آپکو غیر محفوظ محسوس کررہے ہیں۔بلاک کونسل چیرمین نے ضلع و مقامی انتظامیہ سے اس معاملہ کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اس موقع پر محبوب احمدملک نائب سرپنچ پنچائت بتولہ نے الزام عائد کیا کہ ڈی ڈی سی ممبر معراج ملک نے سوشل میڈیا پر سرپنچوں وپنچوں کے خلاف دھمکی آمیز بیان جاری کیا ہے۔اور لوگوں کو بھڑکا کر ان پر تشدد کرنے کے لئے اکسا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ویڈیو ہمارے پاس موجود ہے۔نائب سرپنچ نے کہا کہ بلاک کاہرہ کے سبھی سرپنچ وپنچ تب تک سرکاری کام بائیکاٹ کریں گے جب تک نہ اس کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔سرپنچ ظفر اللہ ماگرے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ڈی سی ممبر پنچائتی نمائندگان کو ہراساں کررہا ہے اور عوام میں ان کے خلاف پروپگنڈہ کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ اگرانتظامیہ نے کوئی کاروائی نہیں کی تو سرپنچ ،پنچ بلاک کونسل چیرمین کے ہمراہ کو ئی دوسرا قدم اٹھانے پر مجبور ہوں گے جس کی ذمہ دار انتظامیہ ہوگی۔اس کے جواب میں ضلع کونسل ممبر کاہرہ معراج ملک نے سوشل میڈیا پر جاری چار منٹ کے ویڈیو پیغام میں کہا کہ انہوں نے پنچائتی نمائندوں کے خلاف ناشائستہ الفاظ کا استعمال نہیں کیا ہے بلکہ یہ کہا ہے کہ جو بھی کوئی سرپنچ وپنچ غریب عوام کا حق دباکر اپنا گھر بنائے گا اس کو سماج کے اندر بے نقاب کرنے کی ضرور ت ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ ناانصافی کو برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ملک نے کہا کہ پنچائتی نمائندگان اپنی خامیوں کو چھپانے کے لئے بوکھلاہٹ میں آگئے ہیں۔