کانگریس نے بے زمینوں سے اراضی چھین لی مودی حکومت نے بے زمینوں کو زمین اور پختہ گھر دئیے :ڈاکٹر جتیندر

 عظمیٰ نیوز سروس

کٹھوعہ//مرکزی وزیر اور ادھم پور لوک سبھا حلقہ کے بی جے پی امیدوار ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جہاں کانگریس لیڈروں نے غریبوں سے زمین چھین لی، وزیر اعظم نریندر مودی نے بے زمینوں کو زمین اور پکے گھر بھی دیئے۔بی جے پی کی انتخابی میٹنگوں کے سلسلہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ چھ دہائیوں سے زیادہ عرصے سے کانگریس لیڈران بشمول ان کے منتخب نمائندوں جیسے ایم ایل اے اور ایم پیز نے غریبوں کو دھمکیاں دینا اور ان کی جائیدادوں پر قبضہ کرنا معمول بنا رکھا ہے۔ کانگریس کے دور حکومت میں یہ کلچر ملک گیر مظاہر بن گیا اور اس نے کٹھوعہ کے اس خطے کو بھی نہیں بخشا، جہاں کے لوگ معصوم اور باوقار ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد نریندر مودی نے کہ تھا کہ ’’نا کھاؤنگا نہ کھانے دونگا‘‘ اور کانگریس لیڈروں اور ان کے خاندانوں کے ذریعہ غریبوں سے لوٹی گئی تمام دولت اور زمین کو واپس لے کر سرکاری خزانے میں جمع کرایا جائے گا تاکہ فائدہ کے لئے استعمال کیا جاسکے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہاکہ کانگریس پارٹی میں ایک کے بعد ایک تمام مجرم، تجاوزات کرنے والے اور زمین پر قبضہ کرنے والے جیل کے راستے پر ہیں اور وقتاً فوقتاً ضمانت پر باہر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی ٹیم کے ایک رکن کے طور پر، بی جے پی کے ہر کاریہ کارتا نے ان لٹیروں کو کیفرکردار تک پہنچانے اور ان کی لوٹی ہوئی جائیداد کو حقیقی دعویداروں کو واپس کرنے کا عہد لیا ہے۔موصوف نے کہاکہ پورے خطے کو اس کے کانگریسی نمائندوں نے نظر انداز کیا کیونکہ وہ اپنے کشمیری آقاؤں کو خوش کرنے کے خواہشمند تھے۔ نتیجتاً یہ خطہ مسلسل نظرانداز اور امتیازی سلوک کا شکار رہا۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ پچھلے 10 سالوں میںوزیر اعظم مودی کے تحت، کٹھوعہ نے جموں اور کشمیر کے تمام اضلاع میں سب سے زیادہ ترقی دیکھی۔ کٹھوعہ کو مرکزی فنڈڈ گورنمنٹ میڈیکل کالج،روسہ کے تحت مرکزی فنڈ سے چلنے والا انجینئرنگ کالج، پاسپورٹ آفس، وندے بھارت ٹرین، شمالی ہندوستان کا پہلا انڈسٹریل بائیوٹیک پارک، شمالی ہندوستان کا پہلا ہومیوپیتھک کالج، پہلا بیج پروسیسنگ پلانٹ، بین الاقوامی سرحدکے ساتھ نوجوانوں کے لئے ریزرویشن،دہلی سے ایکسپریس روڈ کوریڈور، سڑکوں کا جال، درجنوں پل بشمول اہم کیریان-گنڈیال پل، جوتھانہ پل اور اٹل سیتو، کئی ڈگری کالج اور کیندریہ ودیالیاس، بانس کے جھرمٹ، جس نے سینکڑوں لوگوں کو روزگار دیا جن میں خواتین خود بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کٹھوعہ پورے شمالی ہندوستان سے تعلیم، صحت اور تجارت کے مرکزی نوڈل پوائنٹ کے طور پر ابھر رہا ہے۔ یہ صرف وزیر اعظم مودی کی ذاتی مصروفیات کی وجہ سے ممکن ہوا ہے اور وزیر اعظم مودی کا تیسرا دور بھی شمالی ہندوستان میں ایک پسندیدہ مقام کے طور پر ابھرنے والے کٹھوعہ کے لئے ’مودی کی گارنٹی‘ ہونے والا ہے۔