نئی دہلی// کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے مدھیہ پردیش کے گنا میں دلت کنبہ کے لوگوں پر پولیس کی بے رحمانہ کارروائی پر گہرا دکھ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی اس ناانصافی کے خلاف جی جان سے لڑے گی۔مسٹر گاندھی نے ریاست کے وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان کی قیادت والی بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہماری لڑائی اسی سوچ اور ناانصافی کے خلاف ہے ۔مسٹر گاندھی نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ گنا میں قبضہ ہٹانے کے لئے پولیس دستہ کی جارحیت کا ایک ویڈیو بھی پوسٹ کیا ہے جس میں دلت کسان کنبہ پر پولیس مظالم کررہی ہے ۔ اس ویڈیو میں پولیس دستہ دلت کنبہ کی خاتون اور بچوں پر ڈنڈے برسا رہا ہے اور لالات گھوسوں سے بھی انکی پٹائی کررہا ہے ۔اس واقعہ پر مسٹر گاندھی اور محترمہ واڈرا کے شیوراج حکومت پر سخت حملے کے بعد کسان کانگریس کے نائب صدر سرینر سولنکی نے وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر اس واقعہ کے قصورواروں کو سخت سزا دینے کی مانگ کرتے ہوئے اس واقعہ کو انسانی حقوق کی سخت خلاف ورزی قرار دیا۔