بھدرواہ //کانگریس کے لیڈر سنجے منہاس نے حلقہ بھدرواہ بشمول ملوٹھی، ڈوگلی،گوٹاسا، دھرا پڑا، اور کیلر علاقہ کے اپر پنجگران علاقوں کا دورہ کرکے وہاں لوگوں سے ملاقات کرکے انکے مسائل کی جانکاری حاصل کی۔لوگوں نے منہاس کا حلقہ میں خیر مقدم کیا اور توقع کا اظہار کیا کہ وہ انکی مشکلات اور مسائل کو سُنیں گے اور سے انتظامیہ کے ساتھ اُٹھائیں گے،تاکہ ان مسائل کا ازالہ ہو سکے۔لوگوں کے مسائل کو بانٹتے ہوئے لوگوں نے شکایت کی کہ انہیں جان بوجھ کر بنیادی سہولیات جیسے کہ پینے کے پانی،ہائی سکول میں تعلیم ،سڑکوں کے رابطہ سے محروم رکھا گیا ہے۔لوگوں نے کہا کہ بعض دیہات میں اگرچہ سڑک قابل آمد و رفت ہے لیکن بیشتر علاقوں میںیہ قابل آمد و رفت نہیں ہے۔لوگوں نے شکایت کی کہ گوٹسا دیہات میں سکول 1964 میں قائم کیا گیا ہے لیکن ابھی تک اسے ہائی اسکول کا درجہ نہیں دیا گیا ہے۔پانی پائپوں کی حالت اتنی خستہ ہوئی ہے کہ ان پائپوں سے پانی دیہات تک نہیں پہنچتا ہے۔دیہات کی خواتین کو میلوں پیدل چل کر پانی لانا پڑتا ہے۔منہاس نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ان دور دراز علاقوں کے لوگوں کے مسائل حل کرنے کی انتظامیہ کو ہدایات دیں، تاکہ ان لوگوں کو بھی بنیادی سہولیات میسر ہوں۔