جموں//عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے بھاجپا اور کانگریس کو فرقہ پرست جماعتیں قرار دیتے ہوئے جموں -پونچھ پارلیمانی حلقے کے عوام سے ان دونوں پارٹیوں کو رد کرکے عوامی اتحاد پارٹی کے شہزاد شبنم دیوان کو ووٹ دینے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک بہتر جموں کشمیر کیلئے قرقہ پرستانہ سیاست کو رد کرنے اور مخلص لوگوں کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔راجوری،تھنہ منڈی،شاردھا شریف اور دیگر مقامات پر انتخابی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا’’حیرانگی کی بات ہے کہ کانگریس اور بھاجپا نے غیر مسلم امیدواروں کو ہی منڈیٹ دیا ہے اور ظاہر سی بات ہے کہ یہ سب ہندو ووٹ حاصل کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔جموں میں مسلمانوں کو حاشیئے پر رکھ کر انہیں سرسری لئے جانے کی سازشوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے‘‘۔انجینئر رشید نے کہا کہ بھاجپا اور کانگریس کسی بھی فرقہ کی بہی خواہ نہیں ہیں بلکہ وہ مختلف جگہوں پر مختلف فرقوں کو رجھانے کیلئے سازشیں کرکے ووٹ حاصل کرنا چاہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھاجپا کا موقف اور فرقہ وارانہ ایجنڈا سب کو معلوم ہی ہے لیکن کانگریس نے ،یہ سمجھ کر کہ چونکہ مسلمان بھاجپا کو دور رکھنے کیلئے کانگریس کو ووٹ دینے کیلئے مجبور ہیں،رمن بھلا کو منڈیٹ دیکر اپنی طرح کی فرقہ واریت دکھائی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں -پونچھ پارلیمانی حلقے کے دونوں فرقوں کے لوگوں کو مذکورہ دونوں پارٹیوں کی موقعہ پرستانہ اور فرقہ وارانہ سیاست کو رد کرتے ہوئے ایک ہوکر ترقی،فرقہ وارانہ بھائی چارہ،وی آئی پی کلچر کے خاتمہ،اچھی انتظامیہ،اقربا پروری سے نجات اور سیاسی مسائل کے حل کیلئے ووٹ دینا چاہیئے۔