راجوری/ وزیر برائے امدادِ باہمی و لداخ امور شیرنگ دورجے نے ضلع راجوری میں کالا کوٹ حلقہ انتخاب میں محکمہ کی جانب سے منعقدہ امدادِ باہمی جانکاری کیمپ کا افتتاح کیا ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر برائے امداد باہمی شیرنگ دورجے نے کہا کہ حکومت ریاست میں کواپریٹو سوسائیٹیوں کی بحالی کیلئے وعدہ بند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کواپریٹو سوسائیٹیز کا انتخاب حال ہی میں ریاست بھر میں منعقد کیا گیا جس سے ریاست میں امدادِ باہمی تحریک کو مزید استحکام حاصل ہو گا ۔ وزیر نے متعلقہ حکام کو ڈیری ، پولٹری اور فشریز کواپریٹو سوسائیٹیاں قایم کرنے کیلئے کہا تا کہ روز گار کے مواقعے پیدا کرنے کے علاوہ عام لوگوں کی روز مرہ کی غذائی ضروریات بھی پوری ہو سکیں ۔ دورجے نے محکمہ امداد باہمی کو ریاست کے پہاڑی اور دور دراز حصوں میں بھی اس طرح کے کیمپ منعقد کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ جانکاری پروگرام سے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے سماج کے کمزور طبقوں کیلئے لاگو کی گئی سکیموں کے بارے میں جانکاری عام ہو گی اور اس کے ساتھ ہی بنیادی سطح پر اقتصادی صورتحال میں بھی بہتری پیدا ہو گی ۔ ایک بھاری عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے ریاست میں کواپریٹو سوسائیٹیز کی بحالی و استحکام کی ضرورت کو اجاگر کیا ۔ محکمہ کو کالا کوٹ حلقہ انتخاب میں جانکاری کیمپ کے انعقاد کیلئے سراہتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اس نوعیت کے کیمپوں کا مقصد عام لوگوں تک حکومت کے پروگراموں کے بارے میں جانکاری پہنچانی ہے ۔ حلقہ انتخاب کے دورے کے دوران متعدد وفود وزراء سے ملاقی ہوئے اور انہیں اپنی انفرادی اور اجتماعی مسائل سے آگاہ کیا جن میں کواپریٹو دوکانوں کے قیام کے معاملے بھی شامل تھے ۔ دورجے نے انہیں بغور سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ اُن کی مانگوں پر غور کیا جائے گا ۔ سیکرٹری کواپریٹو نے بھی اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے امداد باہمی محکمہ کی حصولیابیوں کو اجاگر کیا ۔ چئیر مین جے اینڈ کت کواپریٹو یونین لمٹیڈ راجیش گپتا ، چئیر مین جے اینڈ کے ڈیری کواپریٹو یونین لمٹیڈ نے بھی اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ کیمپ میں محکمہ امدادِ باہمی کے اعلیٰ افسران ، ضلع انتظامیہ کے افسران اور لوگوں کی بھاری تعداد نے شرکت کی ۔