بھوبنیشور// اڑیسہ کے ملکہ نگری ضلع کے میتھلی پولیس اسٹیشن کے تحت تلسی جنگل کے علاقے میں منگل کو سیکورٹی فورسز کے ساتھ ایک زبردست تصادم میں دو خواتین سمیت 3ماؤنواز مارے گئے ۔اوڈیشہ کے ڈائریکٹر جنرل پولیس ابھے نے بتایا کہ انٹیلی جنس اطلاع کی بنیاد پر اوڈیشہ پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) اور ملکہ نگری ضلع کے رضاکار فورس نے مشترکہ طور پر تلسی کے جنگل کے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا۔سرچ آپریشن کے دوران ماؤ نوازوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی اور فائرنگ کے مختصر تبادلے میں دو خواتین ماؤنواز جنگجو سمیت تین ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر جائے واقع سے فرار ہوگئے ۔ڈی جی پی نے بتایا کہ جائے واقع سے دو پستول ، گولہ بارود ، ماؤ نواز یونیفارم اور کئی دیگر مواد برآمد ہوئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ سے ہلاک ہونے والے مرد ماؤسٹ کی شناخت سنادھارا کے طور پر کی گئی ہے ، جو ماؤسٹ کیڈر میں ایک اہم عہدے پر فائز تھا اور ضلع ملکہ نگری کے میتھلی تھانہ علاقے کے تحت کئی پرتشدد واقعات میں ملوث تھا۔ڈی جی پی نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد فرار ماؤ نوازوں کی تلاش میں بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا گیا ہے ۔