راجوری //ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین راجوری ایڈوکیٹ نسیم لیاقت نے کالا کوٹ سب ڈویژن کا دورہ کرتے ہوئے محکمہ صحت کی جانب سے طبی مراکز میں فراہم کی جارہی سہولیات کا جائزہ لیا ۔اس دوران موصوف نے این ٹی پی ایچ سی سرانوں ،پرائمری ہیلتھ سنٹر سیالسوئی ،پی ایچ سی پنجہ ،کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کالا کوٹ ،پرائمری ہیلتھ سنٹر کالا کوٹ ،تریاٹھ وغیرہ میں جا کر کووڈ کے مشکل وقت میں فراہم کی جارہی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ کووڈ میں مبتلا مریضوں کو معیاری بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔انہوں نے مزید کہاکہ وائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے تمام ایس او پیز پر سختی کیساتھ عمل کیا جائے جبکہ کالاکوٹ میں کووڈ کئیر سنٹر کو معیاری بنایا جائے ۔ این ٹی پی ایچ سی سرانوںحکام نے چیئر مین موصوف کو بتایا کہ ابھی تک 2840افراد کو ویکسین فراہم کی گئی ہے ۔چیئر مین موصوف کو جانکاری فراہم کی گئی سولر پاور بینک حالیہ کئی عرصہ سے بند پڑاہو ا ہے جس کی مرمت ضروری ہے تاہم چیئر مین نے یقین دلاتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں سے بات چیت کی جائے گی ۔سی ایچ سی تریاٹھ میں جانکاری فراہم کی گئی کہ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف ممبران کی آسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں ۔موصوف نے محکمہ صحت کے ملازمین کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وائرس کے پھیلائو کو کم کرنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی کیساتھ عمل کرنے کی تلقین کی جائے ۔اس دوران انہوں نے صحت مراکز میں کووڈ کٹس بھی تقسیم کیں ۔اس دوران مرصوف کے ہمراہ اے ڈی سی کالاکوٹ ،تحصیلدار تریاٹھ ،بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کالا کوٹ ،ایس ایچ او کالا کوٹ ،درمسالہ ،بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل چیئر مین موگلہ ودیگران بھی موجود تھے ۔