ریاسی//ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) چرندیپ سنگھ نے ریاسی بستی کا ایک وسیع دورہ کیا اور ڈسٹرکٹ ہسپتال میں مریضوں کی دیکھ بھال کی سہولیات کا معائنہ کیا۔ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ڈی سی نے انڈور مریضوں کے لئے او پی ڈی خدمات اور سہولیات کا معائنہ کیا ۔انہوں نے ایمرجنسی بلاک کے علاوہ سی ٹی سکین اور ایکسرے سیکشنوں کے کام کا بھی جائزہ لیا۔ میڈیکل سٹاف سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی سی نے ہسپتال میں کام کرنے کے بارے میں دریافت کیا جس میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار بھی شامل ہیں۔ڈی سی نے ملازمین کی ڈیوٹی روسٹر اور آئی پی ڈی بلاک کے جاری کام کی پیشرفت بھی چیک کی۔ انہوں نے ہسپتال میں کوویڈ 19 سے متعلقہ ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا ہونے پر بھی زور دیا۔دریں اثنا ، ڈی سی نے گیالہ پمپنگ سٹیشن کا دورہ کیا اور غیر قانونی کان کنی کی وجہ سے پانی کی کمی کی شکایات کے بارے میں دریافت کیا۔ پورے ریاسی ٹاؤن کے لئے پانی کی فراہمی کے واحد وسائل کا معائنہ کرتے ہوئے ڈی سی نے محکمہ کان کنی کو ہدایت کی کہ پانی کی کمی کو روکنے کے لئے معیار کے مطابق کھدائی کی جائے۔بعدازاں ڈی سی نے سیلا گرڈ اسٹیشن ریاسی پر کام کی پیشرفت کا بھی معائنہ کیا۔متعلقہ عہدیداروں نے ڈی سی کو آگاہ کیا کہ 80 فیصد کام مکمل ہے۔ ڈی سی نے متعلقہ افراد کو ہدایت کی کہ وہ باقی کام فاسٹ ٹریک کی بنیاد پر مکمل کریں۔