ڈینگی متاثرین میں 12کا اضافہ،مجموعی تعداد 8085

سرینگر /پرویز احمد/جموں میں ڈینگی معاملات میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران12افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں میں ڈینگی متاثرین کی تعداد بڑھ کر8085ہوگئی ہے۔ اس دوران ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد 18بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں وبائی بیماریوں پر نظر گذر رکھنے والے ڈویژنل نوڈل آفیسر جموں ڈاکٹر ہرجیت رائے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ منگل کو جموں صوبے میں ڈینگی کی تشخیص کیلئے 126ٹیسٹ کئے گئے جن میں12افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں‘‘۔ڈاکٹر رائے کا کہنا تھا کہ ڈینگی متاثرین میں 5خواتین اور 7مرد شامل ہیں۔انہوں نے کہا ’’ ڈینگی سے بچائو کے قوائد و ضوابط کی جانکاری دینے اور متاثرہ علاقوں میں ڈینگی کے پھیلائو کو روکنے کیلئے کیمیائی ادویات کے چھیڑکائو کی مہم شروع کی گئی ہے۔ ضلع جموں میں 7، سانبہ میں 3، ادھمپور میں 1 اور راجوری میں ایک کی رپورٹ مثبت آئی ہے جبکہ کٹھوعہ، ریاسی، پونچھ، ڈوڈہ ، رام بن اور کشتواڑ میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کشمیر صوبے سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی شخص ڈینگی سے متاثر نہیں ہوا ہے۔ جموں و کشمیر میں ڈینگی کی تشخیص کیلئے 29ہزار 844ٹیسٹ کئے گئے جن میں 8085افراد کے ڈینگی سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔