مینڈھر//مینڈھر کے علاقہ ڈھکی بھیرہ کی واٹر سپلائی سکیم گزشتہ ایک ہفتہ سے بند پڑی ہے جس کے نتیجہ میں بہت بڑی آبادی پینے کے پانی سے محروم ہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ متعلقہ محکمہ کے افسران اسے کارگر بنانے کے بجائے بہانے بنارہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ رمضان کے مہینہ میں متعلقہ محکمہ کے ملازم پانی کی سپلائی کو بند کرکے اپنے گھروں میں آرام کر رہے ہیں اور عام لوگ پانی کی ایک ایک بوند کے لئے ترس گئے ہیں اور انہیں روزے کی حالت میںکئی کلو میٹر دور سے پانی لا ناپڑتاہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جب بھی محکمہ کے اعلیٰ افیسران کے پاس شکایت کی جائے تو ان کا ایک ہی بہانہ ہوتا ہے موٹر خراب ہے یا سٹاٹر خراب ہو گیاہے، اب خد اہی جانے کہ ان کو کیا پریشانی ہے جو روزروز بہانے بازیاں کی جارہی ہیں ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں رمضان کے مہینہ میں پانی چاہیے اورپانی سپلائی کرنا محکمہ کی ذمہ داری ہے لیکن وہ اس ذمہ داری سے جی چرارہاہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ان ملازمین و افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے جو ان سکیموں کا خیال نہیں رکھتے اور ان کی لاپرواہی سے یہ باربار بند ہوجاتی ہیں۔انہوںنے سوالیہ انداز میں کہاکہ اگریہ سکیمیں نہیں چل سکتی تھیں تو انہیں شروع کرنے کی کیا ضرورت تھی ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ سڑک کے قریب رہ رہی آبادی کو ٹینکر کے ذریعہ پانی سپلائی کیاجائے ۔لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد سے اپیل کی کہ ماہ رمضان میں پانی کی سپلائی کو یقینی بنایاجائے اور لاپرواہی برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ انہوںنے کہاکہ یاتو بند پڑی سکیم کو کارگر بنایاجائے یاپھر گاڑیاں لگائی جائیں۔