ڈھانگری دہشت گردانہ حملہ: این آئی اے کی ٹیم راجوری میں موجود کئی مشتبہ افراد زیر حراست ،2درجن سے زائد بیانات ریکارڈ کئے گئے

راجوری//قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی ایک ٹیم 1 جنوری کو ڈھانگری گاؤں کے دہشت گردانہ حملہ کیس کی تحقیقات کے لئے گزشتہ 2 ہفتوں سے زیادہ عرصے سے راجوری میں ہے۔یہ کیس این آئی اے کو سونپ دیا گیا تھا اور جموں و کشمیر پولیس یکم جنوری کو ڈھانگری گاؤں میں دہشت گردانہ حملے کے بعد درج کیس کی تحقیقات میں این آئی اے کی مدد کر رہی ہے جس میں سات افراد ہلاک اور چودہ زخمی ہوئے تھے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم گزشتہ دو ہفتوں سے زیادہ سے راجوری میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اس کیس میں اب تک دو درجن کے قریب لوگوں کے بیانات قلمبند کئے جا چکے ہیں اور آنے والے دنوں میں مزید لوگوں کے بیانات قلمبند کئے جائیں گے۔بہت سے لوگوں سے بھی پوچھ تاچھ کی گئی ہے جبکہ بہت سے لوگوں سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔اس کے ساتھ ساتھ، قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کے اعلیٰ افسران نے بھی چند روز قبل ایلیٹ ایجنسی کے ایک اعلیٰ عہدے کے افسران کے ساتھ تحقیقات کے سلسلہ میں ڈھانگری گاؤں کا دورہ کیا اور تحقیقات کاجائزہ لیا۔