پونچھ //ڈگری کالج پونچھ کے شعبہ اردو کی جانب سے پرنسپل سید مسرف حسین شاہ کی قیادت میں کثیر السانی مشاعرہ ’جشن یوم جمہوریہ ‘کے عنوان سے منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے مہمان خصوصی تھے جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بشارت حسین انقلابی مہمان اعزازی کے طورپرموجودتھے۔مشاعرے سے قبل پرنسپل ڈگری کالج پونچھ نے روایتی شمع روشن کی اورپروفیسر اعظم مغل ایچ او ڈی اردو نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے تمام مہمانوں اور شعرائے کرام کا شکریہ ادا کیا جو ان کی گزارش پر مشاعر ے میں تشریف فرما ہوئے۔ اس دوران مشاعرے کی صدارت معروف شاعر خورشید کرمانی نے کی ۔بعد از اں مشاعرے کے آغاز میں کالج کے طالب علم عبدالکبیر پرنم اور جمیل احمد نے اپنا کلام پیش کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر مجاہد، ڈاکڑ شمیم بانڈے اورامجد علی بابر کے بعد مہمان شعرائے کرام آصف ناز، ،نازک حسین شاہ، نظارت فرید، شبہ الحسن قیصر ، صدیق احمد صدیقی، محتشم احتشام،جنک راج، پرویز ملک اور خورشید کرمانی نے اپنے بہترین اشعار پیش کر کے خوب داد حاصل کی۔ دوران مشاعرہ مہمانِ خصوصی اور مہمان اعزازی نے خطاب کرتے ہوئے ڈگری کالج انتظامیہ کی سراہنا کی جنہوں نے ایک شاندار نشست کا اہتمام کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور سیول انتظامیہ کی جانب سے بھی مستقبل میں اچھے مشاعرے منعقد کیے جائیں گے۔ مشاعرے کے دوران شعرائے کرام کو شال پہنا کر ان کی عزت افزائی کی گئی جبکہ نظامت کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر امجد علی بابر نے انجام دیئے۔