پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر نے گونتریاں میں عوامی دربار کا انعقادکیا۔اس موقعہ پر ایگزیکٹو انجینئرز آر اینڈ بی اور پی ڈی ڈی، AEEs پی ایچ ای، ایم جی ایس وائی اور آبپاشی و فلڈ کنٹرول، چیف ہارٹی کلچر آفیسر، چیف انیمل ہسبنڈری آفیسر، ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر، چیف میڈیکل آفیسر، تحصیلدار حویلی اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔اس دوران مقامی لوگوں میں بہتر سڑک رابطے، سڑکوں کی زد میں آئی اراضی کے معاوضے ، بارودی سرنگ دھماکوں میںمعذور لوگوں کی امداد، ہائی سکول کا درجہ بڑھانے اور آدھا کارڈوں کے اندراج جیسے مسائل اجاگر کئے اور ساتھ ہی طبی اداروں میں ادویات کی فراہمی ، حد متارکہ کے علاقوں کیلئے ایمبولینس گاڑیاں دستیاب رکھیں اور پختہ بنکروں کی تعمیر کامطالبہ بھی کیا۔ڈپٹی کمشنر نے تمام عوامی مسائل بغور سننے کے بعد لوگوں کویقین دلایا کہ وہ گونتریاں ، قصبہ، شاہ پورکے دور دراز سرحدی علاقوں میں شمسی لائٹوںکی تنصیب کروائیںگے اور کنکریٹ بنکروں اور بلٹ پروف ایمبولینس فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔انہوں نے موقع پر ہی محکمہ مال کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ زمین معاوضہ کے معاملات حل کریں ۔موصوف نے نامکمل سڑکوں پر کام دوبارہ شروع کرنے کے احکامات جاری کئے ۔انہوںنے لوگوں کو مقامی سطح پر ہی طبی خدمات فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔