ایجنسیز
واشنگٹن/امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو مشترکہ طور پر 19 جولائی کو نیو جرسی میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ فائنل کے فاتح کو ٹرافی پیش کریں گے ۔گیانی انفینٹینو نے ”فاکس اینڈ فرینڈز” کو بتایا، ”ہم صدر ٹرمپ کے ساتھ فائنل میچ سے لطف اندوز ہوں گے اور یقیناً مل کر فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کریں گے ۔”ٹرافی کو مشترکہ طور پر پیش کرنے کا فیصلہ گزشتہ موسم گرما میں نیو جرسی میں پیرس سینٹ جرمین پر چیلسی کی جیت کے بعد فیفا کلب ورلڈ کپ کی ٹرافی چیلسی کو دینے سے متعلق تنازعہ کے بعد کیا گیا ہے ۔حالیہ برسوں میں، ورلڈ کپوں میں فاتحین کو ٹرافی انفنٹینو اور فیفا کے صدر کے طورپر ان کے پیشرو، سیپ بلیٹر کے ذریعہ پیش کی گئی ہے ، لیکن اس سے قبل ورلڈ کپ ٹرافی سربراہان مملکت پیش کرتے تھے ۔اسپین کے بادشاہ جوآن کارلوس نے 1982 میں اٹلی کے کپتان ڈینو زوف کو ورلڈ کپ پیش کیا تھااور انگلینڈ کے کپتان بوبی مور کو 1966میں تھری لائنز کی کامیابی کے بعد ملکہ الزبتھ دوم نے ٹرافی پیش کی تھی۔