عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//شہرکے معروف سیاحتی وتجارتی علاقہ ڈلگیٹ اورملحقہ علاقوں میں پینے کے پانی کی شدیدقلت کی وجہ سے آبادی کوگوناگوں مشکلات کاسامنا ہے۔ڈل گیٹ، بچھوارہ، درگجن، سلیمان ٹینگ ،خالہ پورہ میں گزشتہ کئی روز سے پینے کے پانی کی زبردست قلت ہے۔ان علاقوں میں صبح کچھ دیر کیلئے پانی کی سپلائی نلکوں میں آتی ہے اور آدھ پون گھنٹہ بعد نلکے خشک ہوجاتے ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقہ میں پانی کی شدیدقلت کی وجہ سے ماہ صیام کے ایام میں انہیں زبردست پریشانی کاسامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکام کو کئی بار مطلع کرنے کے باوجوداس بارے میں ابھی تک کوئی قدم نہیں اُٹھایاگیا اورعلاقہ میں پانی کی قلت دور کرنے کیلئے اتوار کو ایک پانی کی ٹینکربھیجا گیا جو علاقہ کی آبادی کیلئے ناکافی ثابت ہوا۔انہوں نے کہا کہ اب وہ مساجد سے ٹیوب ویل کاپانی لارہے ہیں جس سے وہ اپنے گھریلوں ضروریات کو کسی حدتک پوراکرپاتے ہیں۔انہوں نے محکمہ جل شکتی سے اپیل کی کہ ڈلگیٹ اورملحقہ علاقوں میں پانی کی قلت کودور کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پراقدام کئے جائیں۔